شیر جوان تحریک کا افتتاح: پاکستان میں سب کو جواب دینا پڑیگا: مریم نواز

Nov 02, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر  مریم نواز نے کہا ہے کہ آئین کی کتاب پڑھو پھر دیکھو نواز شریف کے مطالبات کیا ہیں؟۔ نواز شریف کا ایک بھی مطالبہ آئین سے متصادم نہیں، اگر ایک بھی مطالبہ آئین سے متصادم ہوا تو پھر نواز شریف اور میرا ساتھ نہ دینا۔ پاکستان میں سب کو جواب دینا پڑے گا۔ نواز شریف آئین، حلف کی پاسداری اور عدلیہ کی آزادی کی بات کر رہے ہیں۔ شیر جوان پاکستان کے نوجوانوں کو ہائبرڈ نظام جس کو آج کل ہائبرڈ حکومت کہتے ہیں، اس کے خطرات سمجھانے کی تحریک ہے، مستقبل کی قیادت تیار کرنے کی تحریک ہے، ڈگمگاتی امیدوں اور ٹوٹتے خوابوں کو جوڑنے اور سمیٹنے کی تحریک ہے۔ اتوار کولاہور میں مسلم لیگ (ن) شیر جوان تحریک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے والے بزرگوں کی سوچ کو آئین پاکستان کہتے ہیں۔ آئین پاکستان میں لکھا ہے کس نے کیا کام کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا۔ آئین پاکستان پڑھو اور پھر دیکھو کہ نوازشریف کے مطالبات کیا ہیں۔ ووٹ کو جب عزت ملتی ہے تو نوجوانوں کو لیپ ٹاپ، وظائف ملتے، نئے سکولز اور کالجز بنتے ہیں۔ 22، 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ زیرو پر آ جاتی ہے۔ ڈرون حملے بھی ختم ہو جاتے ہیں اور دشمن ملک کا وزیراعظم خود چل کر پاکستان آتا ہے۔ ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو دہشتگردی سر اٹھا لیتی ہے۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔ کشمیر کا مقدمہ ہار جاتے ہیں۔ نیا قرضہ آٹا، چینی، بجلی اور گیس چور مافیاز کی جیبوں میں چلا جاتا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ شیرجوان کے بارے میں پورے ملک سے انتہائی بہتر ردعمل آیا ہے۔ شیرجوان موومنٹ کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ یہ شیردل جوان تحریک بظاہر نئی اور نام بھی نیا ہے لیکن اس تحریک کے مقاصد وہی ہیں جس کی بنیاد 83سال قبل 1937 میں آل انڈیا مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے نام سے رکھی گئی تھی اور اس کے سرپرست اعلی قائد اعظم محمد علی جناح خود تھے اور اس تنظیم نے تحریک پاکستان میں ہراول دستہ کا کردار ادا کیا تھا۔ مریم نواز نے کہا کہ کہتے ہیں اس میں خواتین کو شامل نہیں کیا گیا اور شیر جوان صرف لڑکوں تک محدود ہے لیکن ایسا نہیں ہے۔ ہم سب اس تحریک کا حصہ ہیں، تمام شیرنیاں بھی اسی جذبے سے لڑیں گی۔ شیر جوان ایک تحریک ہے، شیر جوان تحریک جوانوں کو سیاسی شعور دینے کی تحریک ہے۔ نوجوانوں کو اقبال کا شاہین بنانے، مادر ملت کا پیغام سمجھانے، آئین کا مطلب سمجھانے، پاکستان کے نوجوانوں کو جمہوری نظام پر اعتماد دلانے کی تحریک ہے۔ نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جانتے ہو غلامی کتنی بڑی سزا ہے، غلامی وہ بلا ہے کہ جو انسانوں سے بات کرنے کی آزادی چھینتی ہے، یہ وہ زنجیر ہے جو آپ کو طاقت ور کے آگے جھکنے پر مجبور کرتی ہے، غلامی وہ بلا ہے کہ جو آپ کو خوف میں مبتلا کرکے بھیڑ بکریوں کی طرح ہانکے جانے پر مجبور کرتی ہے۔ کچھ دن پہلے پاکستان کا قابل فخر صوبہ، جہاں سوئی سے اربوں روپے کی گیس پورے پاکستان کو فراہم کی جاتی ہے اور اسی بلوچستان کے لیے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی طرف سے 600 سکالرشپس دیئے تھے وہ بھی ان سے چھین لیے گئے اور آپ جیسے بچے گھروں سے دور سڑکوں پر رل رہے تھے۔

مزیدخبریں