لاہور(سپورٹس رپورٹر) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن پشاور سے افغانستان تک امن روڈ ریس کا اہتمام کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سپورٹس بورڈ میں پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیراہتمام پاکستان انٹرنیشنل سائیکلنگ روڈ ریس چیمپئن شپ کی تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، یہ روڈ چیمپئن شپ اسلام آباد سے مری تک منعقد ہوئی جس میں پاکستان اور افغانستان کے 110 سائیکلسٹ نے حصہ لیا۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ، سیکرٹری جنرل نثار احمد، پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سابق صدر انجینئر اشفاق حسین شاہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرلز منصور احمد اور محمد اعظم ڈار بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد سپورٹس صوبوں کے پاس چلی گئی ہے اورکوشش ہے کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کو آگے لائیں ۔سائیکلنگ کے مقابلوں کا انعقاد گائوں گائوں اور تحصیل کی سطح پر ہونا چاہئے ۔ کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے وہاں کے ٹیلنٹ کا ایک بہت بڑا اہم کردار ہوتا ہے، کرونا وائرس کے باعث پوری دنیا متاثر ہوئی ہے اور اللہ تعالیٰ نے اس وباء کو ختم کیا ہے۔ سوئی سدرن گیس کے رضوان نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ افغانستان کے فصیح اللہ اور بائیکستان کے حنزلہ نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی