علیم ڈارنے ون ڈے امپائرنگ کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا 

لاہور(سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی ایلیٹ پینل کے پاکستانی امپائر علیم ڈار سب سے زیادہ210 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے دنیا کے پہلے امپائر بن گئے۔ علیم ڈار نے یہ اعزاز پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ میں حاصل کیا۔ علیم ڈار نے میچ میں 210 ویں مرتبہ بطور ون ڈے امپائر خدمات سرانجام دیں جس کیساتھ ہی وہ زیادہ ون ڈے میچز میں امپائرنگ کرنے کا سابق جنوبی امپائر روڈی کرٹزن کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب رہے جنہوں نے 1992ء سے 2010ء کے دوران 209 میچز میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیئے تھے۔ اس سے قبل علیم ڈار نے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان پرتھ ٹیسٹ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ علیم ڈار کا ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ میں اﷲ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ میں اپنی تمام کامیابیاں اپنے والدین کے نام کرتا ہوں۔ آج جو کچھ بھی ہوں اپنی فیملی کی وجہ سے ہوں جنہوں نے ہر جگہ سپورٹ کیا۔ گوجوانوالہ سے لاہور کرکٹر بننے کیلئے آیا تھا۔ اپنے کیریئر سے پوری طرح مطمئن ہوں۔ پی سی بی اور سابق چیئرمین پی سی بی لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے سپورٹ کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی اس شعبہ پر بھی بہت زیادہ توجہ دینا شروع کر دی ہے جو خوش آئند ہے۔ اپنے فین اور پاکستانیوں سے میری درخواست ہے کہ وہ اسی طرح دعا کرتے رہیں ان کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان دوسرے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ کے آغاز سے قبل پاکستانی امپائر کو مبارکباد کا پیغام جاری کیا گیا۔ 

ای پیپر دی نیشن