افتخار بابر کی شاندار کارکردگی، پاکستان نے زمبابوے کو دوسرا ون ڈے ہراکر سیریز جیت لی

Nov 02, 2020

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ون ڈے میچ میں 6وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں دو ایک کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ۔ زمبابوے کی ٹیم نے پاکستان کو جیت کیلئے 207 رنز کا ہدف دیا جو 4 وکٹوں پر حاصل کر لیا گیا۔پاکستانی اننگز کی خاص بات کپتان بابر اعظم کی ناٹ آؤٹ اننگز تھی۔ انہوں نے 74 گیندوںپر7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 77 رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستانی ٹیم نے 35.2 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرکے 208 رنز بنائے اور زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ اوپنر امام الحق 49، عابد علی 22، حیدر علی 29 اور افتخار احمد 16 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم نے مسلسل دوسرے ون ڈے میچ میں زمبابوے کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت کر اپنے نام کر لی ہے۔راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں مہمان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 206 رنز بنائے تھے۔ مہمان ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بظاہر زیادہ سودمند ثابت نہیں ہوا۔ پاکستانی باؤلرز نے زمبابوے کے ٹاپ آرڈر کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا جس سے وہ پاکستان کو زیادہ ہدف دینے میں ناکام رہے۔زمبابوے کی جانب سے صرف شان ولیمز کامیاب بلے باز رہے جنہوں نے 70 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 75 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں ٹیلر 36 جبکہ بی بی چاری 25 رنز بنا سکے۔ افتخار احمد نے 39 رنز کے عوض زمبابوے کے پانچ کھلاڑیوں کو واپسی کی راہ دکھائی۔ محمد موسیٰ 2 جبکہ حارث رؤف، فہیم اشرف اور عماد وسیم ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔افتخار احمد کو میچ کابہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرامیچ کل کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن بارہ بجے راولپنڈی سٹیڈیم میں شروع ہو گا۔ 

مزیدخبریں