مفاد پرستوں کوناکام بنانے کیلئے سیاسی قیادت کا کردار اہم ہے‘ حاجی شاہجہاں

کراچی (نیوزرپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر رہنما حاجی شیخ محمد شاہجہاں نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کے ساتھ رابطے اور مرکزی قائدین کے ساتھ تفصیلی گفتگو کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی بے چینی ریاست کی بقا اور سلامتی کے اچھا شگون نہیں۔ آئین کی پابندی یقینی بنا کر ہی قوم کو بھی آئین کے احترام کا درس دیا جا سکتا ہے‘ پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے سابق نائب صدر اور امیدوار قومی اسمبلی حلقہ NA-243  حاجی شیخ محمد شاہجہاں نے گذشتہ روز لندن میں میاں محمد نواز شریف کے رابطہ آفس سے رابطے کے بعد پارٹی رہنمائوں ڈاکٹر پروفیسر مسعود کاظمی، عبد الرشید شیخ،  اقبال خاکسار، محمد خورشید، محمد گلزار، اقبال شیخ اور محمد صادق کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف کے حوصلے ہمالیہ کی طرح بلند ہیں اور وہ وطن واپسی کے لئے بے چین ہیں لیکن ڈاکٹرز کی سخت ہدایات کی وجہ سے لندن میں قیام پر مجبور ہیں۔ قائد میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ آئین پر مکمل عمل ہی پاکستان کی سلامتی، بقا اور ترقی کی واحد ضمانت ہے۔مفاد پرستوں کے عزائم ناکام بنانے کے لئے سیاسی قیادت کا کردار اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ قائد نواز شریف نے ریاست کی بقا کے لئے اداروں یا شخصیات کی بجائے آئین کی عملداری کا مطالبہ کیا ہے ۔ ریاستی ادارے آئینی حدود کا احترام کریں تو سیاست دانوں کو تلخ باتیں کرنے کی ضرورت ہی نہ پڑے۔ حاجی شیخ محمد شاہجہاں نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے اور مسلح افواج کو دنیا کے جدید ترین اسلحے سے لیس کرنے والے قائد نواز شریف کی اولین ترجیح ریاست پاکستان کی بقا سلامتی اور معاشی ترقی ہے۔ حاجی شیخ محمد شاہجہاں نے کہا کہ موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ سیاسی قیادت  بلا تاخیر مکالمے کی طرف قدم بڑھے اور خطے کی دھماکہ خیز صورتحال کی حدت کم کرنے کے لئے قائد میاں محمد نواز شریف کی دیرینہ خواہش کے مطابق اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی روح کی بحالی اور ریاست کے ہر شہری کو آئین پاکستان کا تابع بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

ای پیپر دی نیشن