بنگلورو (نوائے وقت رپورٹ) بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹکا کے دارالحکومت بنگلورو میں اپنی نوعیت کا انتہائی انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جہاں 20 ہزار روپے کی سکوٹر پر 42 ہزار 500 روپے کا چالان کاٹ دیا گیا۔ یہ انوکھا واقعہ جمعہ کو پیش آیا جہاں ایک سب انسپیکٹر نے ارون کمار نامی شخص کو متعدد بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 2 میٹر لمبا 42 ہزار 500 روپے کا چالان تھمادیا اور اس کا سکوٹر بھی ضبط کرلیا گیا۔ بنگلورو کے علاقے مادی والا کا رہائشی ارون کمار ٹریفک قوانین کی 77 بار خلاف ورزی کرنے کا مرتکب پایا گیا تھا۔ تاہم ارون کمار نے جرمانہ ادا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمار نے یہ سیکنڈ ہینڈ سکوٹر تقریباً 20 ہزار روپے میں خریدا تھا۔ چونکہ جرمانہ سکوٹر کی قیمت سے دوگنا ہے لہذا اس نے ا سکوٹر کے بغیر جانے کا فیصلہ کیا۔ دوسری جانب ایک سینئر ٹریفک پولیس آفیسر کا کہنا ہے کہ یہ کیس عدالت میں چلا گیا ہے اور کمار کو اپنی سکوٹر واپس لینے کے لیے چالان تو بھرنا پڑے گا۔ البتہ ایسا لگتا ہے کہ ایسا ہونے والا نہیں ہے۔
بھارت میں 20 ہزارروپے کے سکوٹر کا 42 ہزار 500 کا چالان
Nov 02, 2020