کراچی (بی بی سی) سندھ وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ 30 اکتوبر کو راستہ بھٹک کر نواب شاہ کی کینال میں پہنچنے والی انڈس ڈولفن کو ہلاک کرنے والے ماہی گیر کو سندھ پولیس کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا ۔ سندھ وائلڈ لائف کے ڈائریکٹر جاوید احمد مہر نے بی بی سی کو بتایا کہ گرفتار ملزم پر وائلڈ لائف کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جس کے تحت ملزم کو جرم ثابت ہونے پر ڈھائی سال قید اور پانچ لاکھ روپیہ جرمانہ یا کوئی ایک سزا ہو سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس مقدمے کا سمری ٹرائل ہو گا جس میں جلد از جلد فیصلہ ہو جائے گا۔اس واقعے میں ایک مقامی ماہی گیر نے راستہ بھٹک کر آنے والی انڈس ڈولفن کو نہر سے نکال کر اس کو پکڑنے کا باقاعدہ جشن منایا تھا جس کے باعث انڈس ڈولفن ہلاک ہو گئی تھی۔