لاہور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے پولیس کی بہادر آفیسر اے ایس آئی صائمہ شریف اعلیٰ خدمات پر اقوام متحدہ امن کے لئے منتخب ہو گئیں۔ کرونا وائرس کا حملہ عالمی سطح پر جان لیوا امتحان تھا جس کے اثرات اب بھی جاری ہیں‘ اقوام عالم کی اس آزمائش میں پاکستان سرخرو ہوا‘ پاکستانی قوم نے ایک بار پھر دنیا کو حیران کر دیا۔ سخت جان قوم کے ہر فرد نے جہاں احتیاطی تدابیر‘ حکومتی پابندیوں اور ہدایات پر سختی سے عمل کیا وہیں صحت اور سکیورٹی سے وابستہ قوم کے سپوتوں نے بھی اپنی جانوں پر کھیل کر فرائض کی پکار پر لبیک کہا۔ خیبر پی کے پولیس کی فرض شناس اور مستعد خاتون پولیس آفیسر اے یس آئی صائمہ شریف صوبائی دارالحکومت پشاور میں تعینات ہیں۔ انہوں نے کرونا وباء پھیلنے پر جانفشانی سے محکمانہ اہداف کو حاصل کیا۔