ماہرین صحت نے اخروٹ کو انسانی صحت کے لیے انتہائی مفید قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اخروٹ میں موجود پروٹینز، وٹامنز، منرلز ناصرف جسم میں کولیسٹرول کو کم کرتے ہیں بلکہ بلڈ پریشر اور امراض قلب سے بچاؤ میں موثر ثابت ہوتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق اخروٹ کے استعمال سے دماغی صحت بہتر رہتی ہے، دل کے امراض سے بچاتا ہے اور ذیابیطس کا خطرہ ٹال دیتا ہے، بال، جلد اور ناخن کے لیے بے حد مفید ہے۔
دن میں پانچ اخروٹ کھانے سے جسم کو غذائیت اور وٹامنز ملنا شروع ہوجائیں گے اور ان وٹامنز کے ذریعے آپ خود کو تروتازہ محسوس کریں گے۔
اخروٹ کے ذریعے ذہنی دباؤ سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے چونکہ اس میں اینٹی اوکسیڈنٹ موجود ہوتے ہیں جو کہ آپ کے جسم میں موجود مختلف بیماریوں کے خلاف لڑتے ہیں جیسے دل کے امراض وغیرہ۔
علاوہ ازیں اس میں موجود اومیگا تھری فیٹی ایسیڈ کے ذریعے ذہنی دباؤ سے نجات ملتی ہے۔
اومیگا تھری فیٹی ایسڈ اور وٹامن ای سے بھرپور اخروٹ بالوں میں نمی برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، اس کے علاوہ ان میں کاپر کی مقدار بھی کافی ہوتی ہے جو جلد اور بالوں کے قدرتی رنگ کو برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں جبکہ اس منرل کی کمی آپ کے بالوں کو قبل از وقت سفید کرسکتی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اخروٹ کا استعمال اعتدال سے کیا جائے تو ہی فائدہ مند ہے، ان کا استعمال مختلف پکوانوں میں بھی کیا جاتا ہے، اخروٹ سے بنے پکوان بہت ہی مزیدار ہوتے ہیں، اخروٹ سے بنےکیک ،بریڈ،پڈنگ، بسکٹس،حلوہ،سیلڈز وغیرہ بہت پسند کیے جاتے ہیں۔