گلاسگو (نوائے وقت رپورٹ) امریکی صدر جوبائیڈن نے اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس سے خطاب میں کہا امریکہ 2030ء تک گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں 50 سے 52 فیصد کمی کا وعدہ پورا کرے گا۔ دنیا کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے ترقی پذیر ممالک کی مزید مدد کرنی چاہئے۔ موسمیاتی تبدیلی سے مقابلہ عالمی میعشتوں کیلئے ناقابل یقین موقع ہے۔ انہوں نے روس‘ چین پر ماحول سے متعلق اقدامات نہ اٹھانے کا الزام عائد کر دیا۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ ماحولیاتی کانفرنس ناکام ہوئی تو عوام کا غصہ قابو سے باہر ہو جائے گا۔ ماحولیاتی اہداف حاصل کرنے کیلئے حقیقی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ موسمیاتی کانفرنس کو کرہ ارض پر انسانیت کو بچانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ ہم اپنی قبریں خود کھود رہے ہیں‘ اب بس کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ حیاتیاتی تنوع کو وحشیانہ تباہی کا نشانہ بنانا‘ اب بہت ہوا۔ کاربن سے خود کو مارنا اب بہت ہو گیا۔ قدرت کی نعمت کو بیت الخلاء کی طرح استعمال کرنا بہت ہو گیا۔ زمین پر آگ لگا کر کھدائیاں کر کے ہم اپنی قبریں خود کھود رہے ہیں۔ تبت کے بدھ متوں کے روحانی پیشوا دلائی لامہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمین کیلئے سائنسی فہم پر مبنی حقیقت پسندانہ اقدام کرنے کی ضرورت ہے۔ کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے کہا کہ اب ایک ساتھ کام کرنے کا وقت ہے۔ ہالی وڈ سپر سٹار لیونارڈوڈی کیپریو نے کہا کہ دنیا اس وقت ماحولیاتی بحران کا شکار ہے۔ اس وقت دنیا عالمی لیڈرز کو دیکھ رہی ہے۔