اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ جس پارٹی کی قیادت کا فیصلہ نہیں ہو پا رہا وہ حکومت خلاف کیا تحریک چلائیں گے، پہلے یہ فیصلہ کرلیں کہ شہباز شریف والی پی ڈی ایم اصل ہے یا مریم صفدر والی پی ڈی ایم، ڈی جی خان کے عوام شوباز شریف کی اصلیت سے واقف ہیں، ان لوگوں نے پسماندہ علاقوں کا نہ صرف حق مارا بلکہ کسانوں کے نام پر اربوں کی کرپشن کی، بارھویں کھلاڑی کو دن میں اقتدار کے خواب آرہے ہیں، پہلی مرتبہ اقتدار سے باہر ہونے پر فضل الرحمان کو ذہنی بے سکونی ہے، بطور چیئرمین کشمیر کمیٹی وہ اپنا ایک کارنامہ گنوا دیں۔ پیر کو وزیرمملک برائے اطلاعات نے ڈی جی خان میں پی ڈی ایم جلسے سے شہباز شریف اور فضل الرحمان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جس پارٹی کی قیادت کا فیصلہ نہیں ہو پا رہا وہ حکومت کے خلاف کیا تحریک چلائیں گے، ڈی جی خان کے عوام شوباز شریف کی اصلیت سے واقف ہیں۔ دریں اثناء وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی معیشت کو مستحکم گروتھ پر گامزن کردیا ہے، ملکی برآمدات میں اضافہ، زرعی پیداوار میں اضافہ، ٹیکس وصولی میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں فرخ حبیب نے کہا کہ لارج سکیل مینوفیکچرنگ اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سٹاک ایکسچینج 100انڈیکس،2021جولائی تا ستمبر کمپنیوں کا منافع 2020کے مقابلے میں 21 فیصد، 2019کے مقابلے66 فیصد زیادہ ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ انجینئرنگ سیکٹر میں 351فیصد، ٹیکسٹائل 163فیصد،آٹو موبائلز 131فیصد،سیمنٹ 113فیصداضافہ ریکارڈ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پیپر اینڈ بورڈ 87فیصد، آئل اینڈ گیس 74فیصد، انرجی اینڈ پیٹرولیم کیمنافع میں 29فیصد اضافہ ہوا ہے۔