کاشتکاروں کو معقول معاوضے کی ادائیگی یقینی بنائی جائیگی:سید حسین جہانیاں

Nov 02, 2021


 راولپنڈی ( سٹاف رپو رٹر) وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا ہے کہ گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ سے کاشتکاروں کو معقول معاوضہ یقینی بنایا جائے گا۔ گندم کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے کھادوں، جڑی بوٹی مار اور پھپھوندکش زہروں پر سبسڈی دی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ زراعت اورکھاد بنانے والی نجی کمپنی کے تعاون سے فصلات ربیع 2021-22 کیلئے منعقدہ کسان کنونشن کے شرکا سے خطاب کے دوران کیا۔ امسال صوبہ پنجاب کے لئے گندم کی کاشت کا ہدف 1 کروڑ 67  لاکھ ایکڑاور پیداواری ہدف 2 کروڑ 20 لاکھ میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کسان دوست پالیسیوں اور کاشتکاروں کی محنت کے باعث گزشتہ برس صوبہ پنجاب میں گندم کی فصل 1 کروڑ 64 لاکھ ایکڑ پر کاشت کی گئی اور تاریخ میں پہلی بار 2 کروڑ 9 لاکھ میٹرک ٹن پیداوار حاصل ہوئی۔ کسان کنونشن میں پرو وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ڈاکٹر نوید اختر، چیف ایگزیکٹو پارب ڈاکٹر عابد محمود، ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) ڈاکٹر محمد انجم علی، ڈائریکٹر جنرل زراعت (ریسرچ) ڈاکٹر ظفراقبال، ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب محمد رفیق اختر، جمشید خالد سندھو اور کاشتکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ 

مزیدخبریں