اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے اجلاس میں کمیٹی نے وفاقی وزیر مرادسعید کی عدم شرکت پر شدید برہمی کااظہارکرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کووزیر کے رویئے اور مسلسل غیرحاضری سے متعلق خط لکھنے کافیصلہ کرلیا چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ شاہراہوں کے حوالے سے ایجنڈا عوامی مفاد کاہے مگر وزیر اجلاس میں نہیں آتے ۔چیئرمین کمیٹی نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پرٹریفک کی خلاف ورزیوں پرجرمانوں میں اضافہ کرنے پر ذیلی کمیٹی بنادی ،کمیٹی تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مذاکرات کرکے مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں پر جرمانے میں اضافے کے حوالے سے رپورٹ دے گی ۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں سینیٹر پرنس احمد عمر احمد زئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ کمیٹی اراکین نے وزیر کی عدم حاضری پر شدید برہمی کااظہارکیا ۔چیرمین کمیٹی نے وزیر کی کمیٹی میں حاضری یقینی بنانے کے لیے چیئرمین سینیٹ کوخط لکھنے کافیصلہ کرتے ہوئے کہاکہ شاہرائوں کے حوالے سے عوامی مفاد کاایجنڈا ہے اور وزیر کا رویہ غیرسنجیدہ ہے ۔کمیٹی کونیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس حکام نے بتایاکہ پچھلے پچیس سے تیس سالوں سے جرمانے کی رقم نہیں بڑھائی گئی ۔ اجلاس میں نیشنل ہائی وے سیفٹی (ترمیمی) بل، 2021 پر غور کیاگیا۔حکام نے بتایاکہ مختلف خلاف ورزیوں کے لیے جرمانوں میں اضافہ کیا۔ مگر جرمانے میں اضافے کی وجہ سے عوامی احتجاج ہوئے ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتالیں کیں۔
قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس،مرادسعید کی عدم شرکت پراظہار برہمی
Nov 02, 2021