گندم ،امدادی قیمت میں اضافہ ، کاشتکاروں کو معقول معاوضہ یقینی بنائیں گے:حسین جہانیاں


ملتان(خبر نگار خصوصی) وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا ہے کہ گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ سے کاشتکاروں کو معقول معاوضہ یقینی بنایا جائے گا۔ گندم کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے کھادوں، جڑی بوٹی مار اور پھپھوندکش زہروں پر سبسڈی دی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں محکمہ زراعت اورکھاد بنانے والی نجی کمپنی کے تعاون سے فصلات ربیع 2021-22 کیلئے منعقدہ کسان کنونشن کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔ امسال صوبہ پنجاب کے لئے گندم کی کاشت کا ہدف 1 کروڑ 67  لاکھ ایکڑاور پیداواری ہدف 2 کروڑ 20 لاکھ میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے۔بہاولپور کو زرعی ترقی میں نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ بہاولپور ڈویڑن میں 26 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ گندم کے زیر کاشت لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور پیداوار کا ہدف 35 من فی ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔وزیر زراعت نے کہا ہے کہ پنجاب میں مشینی کاشت کو فروغ دینے کے لئے کاشتکاروں کو 1 ارب 20  کروڑ روپے کی جدید زرعی مشینری 50 فیصد سبسڈی پر فراہمی کے پروگرام پر بھی عملدرآمد جاری ہے۔ ابعد ازاں وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے پنجاب میں گندم کی پیداوار میں اضافہ کیلئے قائم خصوصی کمیٹی کے چوتھے اجلاس کی صدارت بھی کی۔دریں اثنائصوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا ہے کہ بہاولپور ڈویژن ملکی زراعت اور پیداوار میں اہم کردار ادا کرتا ہے،پاکستان زرعی پیداوار میں دنیا کے 10 ویں نمبر پر ہے،ریگولر مارکیٹنگ مانیٹرنگ سسٹم لا رہے ہیں،1979 سے قائم منڈیوں کا پرانا نظام چل رہا ہے جس میں آڑھتی مالا مال ہورہا ہے پہلی بار پرائیوٹ منڈی سسٹم لا رہے ہیں۔صوبائی وزیر پریس کلب میں '' میٹ دی پریس '' میں خطاب کر رہے تھے ۔

ای پیپر دی نیشن