احساس کفالت سنٹروں میں بھگدڑ مچنے خواتین زخمی،6کی حالت تشویشناک

  ملتان‘ مخدوم رشید (جنرل رپورٹر‘ نامہ نگار)  ملتان کے 2 احساس کفالت سنٹروں میں بھگدڑ مچنے سے26 خواتین زخمی ہو گئیں۔ 6 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ایم اے جناح سکول قاسم پور کالونی ممتاز آباد سکول میں احساس پروگرام کے تحت رقوم تقسیم کی جا رہی تھیں کہ اچانک بھگدڑ مچ گئی جس سے 20 خواتین زخمی ہوگئیں اطلاع پر ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور شدید زخمی ہونے والی چار خواتین کو نشتر ہسپتال منتقل کیاجبکہ 16 زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی زخمی ہونے والی خواتین میں اللہ بچائی ، الفت بی بی ، نسرین مائی ، کلثوم ارشد ، بشیراں مائی ، کوثر ، مہناز ، فرزانہ کوثر ، تسلیم ، ثمینہ بی بی ، فرحت بی بی ، کنیز بی بی ، کوثر پروین ، رضیہ ، زرینہ اور سلمی بی بی وغیرہ شامل ہیں۔ مخدوم رشید میں احساس کفالت سنٹر طلباء کو چھٹی ہونے کے بعد صرف دو گھنٹے کے لئے کھولا جاتا ہے، گزشتہ روز جیسے ہی سکول کا گیٹ کھلا تو مستحق خواتین سنٹر میں پہلے داخل ہونے کے لئے ایک دوسرے کے اوپر چڑھ دوڑیں، جس کی وجہ سے 6 خواتین شدید زخمی ہوگئیں، ریسکیو 1122مو قع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا ذرائع کے مطابق دو کی حالت تشویشناک ہے، جو کہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں، ذرائع نے مزید بتایا کہ احساس پروگرام کے تحت خواتین کو رقم دینے کیلئے سکول صرف دو سے تین گھنٹے کے لیے کھولا جاتا ہے، جس کی وجہ سے صبح سے لے کر شام تین بجے تک بہت زیادہ عورتیں جمع ہو جاتی ہیں، اس طرح کے حادثات معمول بنے ہوئے ہیں، متاثرین خواتین نے احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب، کمشنر ملتان و دیگر اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پہلے کی طرح مخدوم رشید ہائی سکول میں احساس کفالت سنٹر بنایا جائے،مخدوم رشید میں سنٹر بند ہو نے کی وجہ سے 50ہزار سے زائد خواتین نے بھی ایم جناح ہائی سکول احساس کفالت سنٹر پر رخ کر لیا ہے، اس سے غریب خواتین کا نہ صرف وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ زندگی کے تمام معاملات منجمد ہو کر رہ گئے ہیں، اسی وجہ سے آئے روز ایسے ناخوش گوار واقعات بھی رونما ہوتے رہتے ہیں،شہری حلقوں کا کہنا ہے  کہ اگر گورنمنٹ ہائی سکول مخدوم رشید میں احساس کفالت سنٹر بحال کردیا جائے تو علاقے کی 50 ہزار سے زائد خواتین مخدوم رشید میں آسانی سے رقم لینے کے ساتھ ساتھ سکھ کا سانس بھی لے سکیں گی، جبکہ دوسرے علاقائی سنٹرو ں پر رش بھی کم ہو جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن