اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان نے افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کی کوششوں کے پیش نظر امدادی سامان سے لدے مزید تین ٹرک افغان حکام کے حوالے کر دیے۔تفصیلات کے مطابق پاک افغان فورم کی جانب سے امدادی کھیپ افغانستان روانہ کردی گئی، پاک افغان کارپوریشن فورم اور سیو دی چلڈرن کی جانب سے اٹھائیس ٹن امداد سے بھرے ٹرک طورخم بارڈر سے افغانستان روانہ کئے گئے۔ ایڈیشنل کمشنر لنڈی کوتل اشرف الدین نے طورخم کراسنگ پر امدادی سامان افغان حکام کے حوالے کی۔قبل ازیں کابل میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے عبوری افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی تھی ، جس میں انسانی ہمدردی کے شعبے، تجارت اور لوگوں کی نقل و حرکت سمیت دو طرفہ روابط کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔