ڈینگی کیسز میں مسلسل اضا فہ، 3جاں بحق ، بڑے ہسپتالوں میں بیڈ ملنا بند

Nov 02, 2021

لاہور/ اسلام آباد (سٹی رپورٹر+ خبر نگار+ این این آئی) ملک میں ڈینگی کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور اسلام آباد میں 3 مزید افراد جاں بحق ہو گئے۔ بڑے ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں سے بیڈ بھر گئے ہیں اور بیڈ ملنا بند ہو گئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں ڈینگی کے 552 کنفرم کیس رپورٹ ہوئے۔ جن میں سے 385 کنفرم کیسز لاہور میں رپورٹ ہوئے۔ راولپنڈی سے 70, فیصل آباد اور ملتان سے 10،دس، گوجرانوالہ سے 8، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب سے 7 سات، سرگودھا اور بہاولپور سے 6،چھ، مظفرگڑھ سے ڈینگی کے 5 جبکہ اوکاڑہ اور لیہ سے 4 مریض رپورٹ ہوئے۔ رواں سال صوبہ بھر سے اب تک ڈینگی سے 43 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ڈینگی بخار کے باعث 2 افراد کی ہلاکت واقع ہوئی۔ ہلاک ہونے والے دونوں افراد کا تعلق لاہور سے تھا۔ اس ضمن میں سیکرٹری عمران سکندر بلوچ کا کہنا تھا کہ کرونا کی وبا سے بچاؤ کی احتیاط کے ساتھ ساتھ ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر بھی اپنائیں۔ پنجاب کے تمام علماء کرام سے بھی اپیل ہے کے مساجد میں آنے والے نمازیوں کو ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہ کریں۔ وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی سے اموات اور مریضوں کی تعدادمیں بدستور اضافہ ہو رہا ہے۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر زعیم ضیا نے بتایا کہ ڈینگی سے مسلسل تیسرے روز بھی ایک شہری کا انتقال ہوا۔ اسلام آباد میں ایک روز میں ڈینگی سے مزید 46 افراد متاثر ہوئے جبکہ اسلام آباد میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد3 ہزار 643 ہو چکی ہے۔ لاہور کے تین بڑے ہسپتالوںجناح، سروسز اور جنرل ہسپتال میں تمام بیڈ بھر گئے سرکاری ہسپتالوں میں ایک بیڈ پر 3،3مریضوں کا علاج جاری ہے جکہ سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی اور وارڈز میں مریضوں کے لیے جگہ ختم ہوگئی ہے۔

مزیدخبریں