خون خرابہ چاہتے ہیں نہ بدامنی سے کسی کو فا ئدہ ہو گا: عمران

اسلام آباد‘ لاہور (خبر نگار خصوصی‘ سپورٹس رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی سے مذاکرات ہی مسئلے کا واحد حل تھا، ملک میں خون خرابہ بالکل نہیں چاہتا۔ وزیراعظم کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران کالعدم تنظیم کے دھرنے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کور کمیٹی ارکان کو کالعدم تنظیم سے مذاکرات پر اعتماد میں لیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی صدارت میں اجلاس کے دوران پارٹی کی تنظیم نو کے معاملے پر مشاورت کی گئی اور وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے عوام کیلئے ریلیف پیکیج پر بھی اعتماد میں لیا۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ لاہور کے حلقہ این اے 133 میں ضمنی انتخاب پر بھی مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ملک میں خون خرابہ بالکل نہیں چاہتا۔ ہمیشہ مسائل کو بات چیت اور مذاکرات سے حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ کبھی بھی طاقت کے استعمال اور انتشار کا حامی نہیں رہا۔ بد امنی کا کسی کو فائدہ نہیں ہو گا۔ حالیہ صورتحال کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ مذاکرات ہی مسئلے کا واحد حل تھے۔ انہوں نے کہا کہ رحمت للعالمینؐ اتھارٹی بنائی ہے۔ اتھارٹی توہین رسالت کے سدباب کے لیے اقدامات کرے گی۔ بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹس میرٹ پر دیے جائیں گے، پارٹی رہنما آج سے ہی بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کریں۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ معاشی ترقی کیلئے اہم میکرو اکنامک اشاریوں کے استحکام پر بھرپور توجہ مرکوز ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پیر کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک کی مجموعی معاشی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء عمر ایوب خان، محمد حماد اظہر، مخدوم خسرو بختیار، چوہدری فواد حسین،  سید فخر امام، اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، مشیر خزانہ شوکت فیاض ترین، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر اور اعلی حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم کو معاشی ٹیم کی جانب سے بین الاقوامی مارکیٹ میں مہنگائی‘ بڑھتی ہوئی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مجموعی اقتصادی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ حکومت نے کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے مثالی اقدامات اٹھائے، وبا اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اشیا خوردونوش اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں انتہائی تیزی سے اضافہ کے باوجود حکومت قیمتوں کو کم رکھنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے اہم میکرو اکنامک اعشاریوں کے استحکام پر بھرپور توجہ مرکوز ہے۔ انہوں نے معاشی ٹیم کو ہدایت کی کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔ مشیر خزانہ شوکت ترین بھی موجود تھے۔  اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کی توجہ معاشی استحکام پر مرکوز ہے، کرونا وبا کے باوجود حکومت درمیانی اور طویل مدتی معاشی اصلاحات میں کامیاب رہی جس کی وجہ سے معاشی اعشاریے بہتری کی طرف گئے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ لارج سکیل مینوفیکچرنگ پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے جس سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ وزیراعظم عمران خان سے معروف کرکٹرز سر ویوین رچرڈز اور ڈیوڈ گاور نے بھی یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی کرکٹ کے فروغ بالخصوص کم عمر کھلاڑیوں کے لئے سہولیات اور مواقع فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، حکومت نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، ہر علاقے میں کھیلوں کے میدان بنانے کی ہدایات دی ہیں۔ دونوں کرکٹرز نے ٹی 20  ورلڈ کپ کے حالیہ میچوں میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔ مزید براں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم پناہ گاہ کو ایک مثالی سماجی بہبود کے منصوبے میں تبدیل کر رہے ہیں، جہاں غریب  کو تمام شہری سہولیات مل سکیں گی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت پناہ گاہوں اور احساس کارڈز سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کو معیاری رہائش کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

ای پیپر دی نیشن