نیا آرڈ ننس ، پی ٹی آئی کیلئے این آر او، عدم اعتماد کا و قت نہیں آیا: شہباز شریف

Nov 02, 2021

ڈیرہ غازی خان (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کا نام لینے والوں نے معیشت کا برا حال کر دیا۔ تحریک عدم اعتماد کا ابھی وقت نہیں آیا۔  قائد حزب اختلاف و صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاست سنجیدہ شعبہ ہے، سنجیدگی سے کام کرنا ہوتا ہے۔  گندم، ایل این جی، مالم جبہ سکینڈل سے بچنے کیلئے آرڈیننس لایا گیا۔ نواز شریف کا علاج جاری ہے، آج بھی ان کا طبی معائنہ ہے۔  شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا جلسہ کامیاب تھا۔ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے ن لیگ کے دور میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے۔ 2008 سے 2013 تک پیپلزپارٹی کیساتھ اتحاد تھا۔ عوام کی خدمت کی۔ لیگی رہنما نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے مسائل حل کرنے کیلئے شبانہ روز محنت کی۔ ڈی جی خان میں تعلیمی اداروں کا جال بچھایا گیا۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کے دھرنوں میں پی ٹی آئی کی قیادت شرکت کرتی تھی لیکن ہم نے اس صورت حال سے سیاسی فائدہ نہیں اٹھایا۔ ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مفاہمت کا بادشاہ ہوتا تو بار بار جیل نہ جاتا۔ پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم میں شمولیت سے متعلق سوال پر صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو اتحاد میں دوبارہ شامل کرنے کا فیصلہ پی ڈی ایم ہی کر سکتی ہے، لیکن سیاست میں ایک دائرے میں رہ کر ہر چیز ممکن ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپوزیشن کو دیوار سے لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی لیکن آنے والے دنوں میں حکومت کو کوئی  موقع نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا حکومت سمجھ رہی ہے کہ آنے والا وقت اس کے لیے خطرناک ہے۔ پی ٹی آئی اپنے آپ کو این آر او دینے کے لیے نیب آرڈیننس لائی ہے۔ عمران خان کہتے تھے کہ مر جاؤں گا کہ مگر این آر او نہیں دوں گا لیکن عمران خان نے خود کو اور کابینہ کو این آر او دے دیا ہے۔ پی ٹی آئی اپنے آپ کو این آر او دینے کیلئے نیب آرڈیننس لائی۔ کالعدم تحریک لبیک کے دھرنوں سے متعلق شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ٹی ایل پی کے دھرنے کے حوالے سے عمران خان کہتے تھے کہ وہ ان کو سپورٹ کرتے ہیں، پی ٹی آئی کی قیادت اور شاہ محمود قریشی ٹی ایل پی کے دھرنوں میں شرکت کرتے تھے لیکن پی ٹی آئی حکومت میں ٹی ایل پی نے لانگ مارچ یا دھرنے دیے تو ہم نے سپورٹ نہیں کیا۔ صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا پہلے ہی کہا تھا جو کچھ سڑکوں پر ہو رہا ہے وہ افسوسناک ہے۔ معاملے کو بیٹھ کر حل کرنا چاہیے۔ ہم نے موجودہ صورت حال کا سیاسی فائدہ نہیں اٹھایا۔

مزیدخبریں