لاڑکانہ+اسلام آباد (صباح نیوز+نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ اس وقت تک نہیں رکے گا کہ جب تک یہ سلیکٹڈ حکومت گھر نہ چلی جائے۔ آج والدین مہنگائی کی وجہ سے اپنے بچوں کو سکول بھیجنے سے قاصر ہیں، نوجوان اپنے بزرگوں کیلئے مہنگی دوا نہیں خرید پارہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری پیر کو لاڑکانہ کی یونین کمیٹی9 محلہ ریالی باغ میں شہر میں پارٹی کے ریکارڈ ایونٹ سیکرٹری عبدالباری عباسی کی رہائش گاہ پر پہنچے چیئرمین پیپلزپارٹی نے اپنے انتخابی حلقے کی صورت حال سے متعلق جیالوں اور علاقہ معززین سے فرداً فرداً استفسارکیا، جیالوں نے ان کوانتخابی حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ کارکنان سے خطاب میں بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ 29 اکتوبر کو ملک کے تمام اضلاع میں مہنگائی کے خلاف تاریخی احتجاج کا انعقاد جیالوں کی ایک اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام اور کارکنان کو جلد پاکستان پیپلزپارٹی اپنے نئے احتجاجی پروگرام سے آگاہ کرے گی۔ مہنگائی کی وجہ سے آج ملک مشکل میں ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی ہی ملک کو اس مشکل سے نکال سکتی ہے۔دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے ڈوگرہ راج سے گلگت بلتستان کی آزادی اور الحاق پاکستان کے دن پر پیغام میں کہا کہ گلگت بلتستان کے شہداء اور غازیوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔ وہ شہداء اور غازی جنہوں نے اپنے زورِ بازو پر ڈوگرا راج سے آزادی حاصل کی۔ یکم نومبر 1947ء کو گلگت بلتستان کے بہادر عوام نے ڈوگرا راج سے نجات حاصل کر کے پاکستان سے الحاق کیا۔ عہدِ وفا کی تجدید کا دن ہے۔ وہ عہدِ وفا جس کی بنیاد 74 سال قبل گلگت بلتستان کے بزرگوں نے الحاقِ پاکستان کی شکل میں رکھی تھی۔ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کی حفاظت اور ترقی کی جدوجہد جاری رکھے گی۔
سلیکٹڈ کے گھر جانے تک احتجاج جاری رہے گا، پی پی ملک کو مشکل سے نکال سکتی : بلاول
Nov 02, 2021