وزیر اعظم کا مہنگائی ریلیف پیکج ایک دو روز میں ، کروڑ افرا براہراست مستفید ہو نگے: فواد چو دھری

Nov 02, 2021

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں میئر کے انتخابات براہ راست ہوں گے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ پر تشویش ہے، توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی تیار کر رہے ہیں، وزیراعظم ایک دو روز میں مہنگائی کے حوالے سے پیکیج کا اعلان کریں گے، ایک کروڑ سے زائد آبادی اس پیکیج سے براہ راست مستفید ہوگی، اعظم سواتی اور میرے خلاف الیکشن کمیشن کے نوٹسز بے بنیاد اور ناانصافی پر مبنی ہیں‘ فوری واپس ہونے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں مہنگائی اور خیبر پی کے و پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے دو بنیادی ایجنڈوں پر بات ہوئی۔ پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات براہ راست ہوں گے، وزیراعظم اور کور کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب میں شہروں اور اضلاع کے میئرز کے انتخابات براہ راست ہوں گے، وزیراعظم نے پہلے دن سے ڈائریکٹ ڈیموکریسی کا وعدہ کیا تھا،  وزیراعظم نے پوری پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقامی حکومتوں کے انتخابات کے لئے متحرک ہوں، پنجاب کے اضلاع میں نامزدگی کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اعظم سواتی اور چوہدری فواد حسین کو الیکشن کمشن کی جانب سے نوٹس پر پوری کور کمیٹی نے تشویش ظاہر کی ہے، جمہوری ملکوں میں جمہوری رویئے اس طرح نہیں ہوتے۔ وزیراعظم ایک دو روز میں قوم کو اقتصادی صورتحال پر اعتماد میں لیں گے۔ علاوہ ازیں چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کالج کے طلبا کے خلاف پاکستان کی جیت کا جشن منانے پر مقدمہ درج کرنا مودی حکومت کی ناروا حرکت ہے، اس سے آزادی کی امید بڑھ رہی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گورنمنٹ میڈیکل کالج اور شیر کشمیر میڈیکل کالج کے طلبا  کے خلاف پاکستان کی جیت کا جشن منانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پاکستان کی جیت کشمیر کی جیت ہے تو وہ جشن کیوں نہ منائیں؟۔ 

مزیدخبریں