کراچی ( کامرس رپورٹر ) سابق چیئرمین ایف بی آر سید محمد شبر زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان میں کاروباری کمپنیوں کی کارکردگی بہتر ہے لیکن معیشت کے بارے میں منفی تاثر ناقابل فہم جس کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے 36ویں کارپوریٹ ایکسی لینس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شبرزیدی نے کہا کہ پاکستان میں کارپوریٹ سیکٹر اوور ریگولیٹڈ ہے، کاروبار کرنے والے سرکاری قواعدوضوابط پورے کرنے میں ہی الجھے رہتے ہیں اور انہیں کاروبار کرنے کے لیے کم وقت ملتا ہے۔ پاکستان میں ریگولیٹرز کاروباری طبقہ کی امیدوں پر پورا نہ اترسکے اور نہ ہی کاروبار کرنے والوں کی ضروریات کو پورا کیا جاسکا ان ریگولیٹرز کے مابین بھی رابطوں کا فقدان پایا جاتا ہے۔ شبر زیدی نے کہا کہ ہمیں معاشی پالیسی میں تبدیلی لانی ہوگی اور امپورٹ کے متبادل تلاش کرنے پر زیادہ توجہ مرکوز کونا ہوگی، ملک درآمدی مصنوعات پر انحصار کرنے والے معاشرہ کی متحمل نہیں ہوسکتی ہمیں اس رجحان کو بدلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کار مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ جوائنٹ وینچر میں دلچسپی نہیں رکھتے اور زیادہ تر سو فیصد ایکویٹی چاہتے ہیں جو ملک کے لیے بہتر نہیں ہے۔
کاروباری کمپنیوں کی کارکردگی بہتر ہے ،سابق چیئرمین ایف بی آرشبرزیدی
Nov 02, 2021