لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے مسترد شدہ عناصر کو ڈیرہ غازی خان کے غیور عوام نے بھی رد کر دیا۔ بند گلی میں جلسہ کرنا ان کی پتلی سیاسی حالت زار پر مہر تصدیق ثبت کرتا ہے۔ ڈیرہ غازی خان کے لوگوں نے جلسے سے لاتعلق رہ کر ثابت کیا کہ وہ منفی سیاست نہیں بلکہ ترقی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر فطری اتحاد کا چھوٹی سڑک پر مختصر سا جلسہ قوم نے دیکھا۔ جتنی جماعتیں اس اتحاد میں ہیں، کاش اتنے لوگ بھی جمع کرلیتیں۔ پی ڈی ایم نے تسلسل کے ساتھ منفی سیاست کر کے اپنی رہی سہی ساکھ ختم کر لی ہے۔ ان کا نہ پہلے کوئی مستقبل تھا اور نہ آئندہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت یکساں ترقی کے ویژن پر یقین رکھتی ہے ۔ عوامی ضروریات کا تعین کر کے ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے پسماندہ اضلاع کو ترقی کے سفر میں یکساں اہمیت دی جارہی ہے۔ ترقی جنوبی پنجاب کے عوام کا پورا حق ہے۔ پنجا ب کابینہ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے رولز آف بزنس کو منظور کیا ہے اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو انتظامی خود مختاری دے کر تحریک انصاف کی حکومت نے عوام سے کیا وعدہ پورا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو صرف کھوکھلے نعروں سے بہلایا۔ پی ٹی آئی نے جنوبی پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کی رنگ فینسنگ کی اور پہلی بار جنوبی پنجاب کے ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے علیحدہ بک مرتب کی ۔ ہمارے تاریخ ساز اقدامات کے باعث آج جنوبی پنجاب ترقی کے سفر میں شامل ہوچکا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کے ناکام شو کے بعد پی ڈی ایم کی کھوکھلی سیاست ہمیشہ کیلئے ختم ہو چکی ہے۔ یہ عناصر صرف خالی نعرے لگا سکتے ہیں۔ ان لوگوں میں عمل کرنے کی صلاحیت ہی نہیں۔ پی ڈی ایم کی قیادت کے اترے چہروںسے مایوسی عیاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں۔