حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر رانا سلیم احمد خاں نے کہا ہے کہ ریونیو عوامی خدمت کچہریاں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا عوامی مسائل کے حل کی جانب ایک انقلابی پروگرام ہے۔ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ہر ماہ لگائے جانے والی ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کے انعقاد سے عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے ان کچہریوں میں دور دراز سے آنے والے سائلین کے مسائل کو ایک ہی چھت تلے حل کر کے انہیں حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ریونیو عوامی خدمت کچہری کے موقعہ پرکیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران عصمت،اسسٹنٹ کمشنر مراد حسین،اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر و کوارڈنیشن محمد محسن عالم سمیت مختلف محکموں کے افسران موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ان کھلی کچہریوں میں اراضی انتقالات،فردات کے اجرائ،ڈومیسائل اجراء اور اراضی ریکارڈ درستگی سمیت دیگر عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا تا ہے ۔کھلی کچہری کے دوران عوامی کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو درخواستیں پیش کی گئیں جن کے فوری حل کے لیے انہوں نے افسروں کو ہدایت کی اور کہا کہ ان کھلی کچہریوں میں آنے والے سائلین کی درخواستوں کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے اور ان کے مسائل حل کر کے انہیں رپورٹ بھی دی جائے ۔