لاہور(نیوزرپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو)کے رواں ماہ ریٹائرہونے والے ملازمین کے اعزازمیں ہیڈ کوارٹرمیں تقریب منعقد کی گئی ۔چیف ایگزیکٹو لیسکو چوہدری محمد امین نے ریٹائرہونے والے ملازمین کو پنشن پیپرزاورواجبات کے چیکس دئیے۔اس تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ایڈمن میاں محمد افضل اور ڈپٹی منیجر ایڈمن سلمان حیدر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ریٹائر ہونے والے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمد افضل کا کہنا تھا کہ محکمہ کے ملازمین ہمارااثاثہ ہیں جواپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر عوام کی سہولت کے لیے ہر موسم میں24گھنٹے بجلی کے ترسیلی نظام کو بحال رکھنے کے لیے اوراکثراوقات اپنی جان کی پرواہ کیے بغیراپنے فرائض کی انجام دہی کیلئے مصروف رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لیسکو کے ریٹائرڈ ملازمین کو ہمیشہ واجبات بروقت اداکیے جاتے ہیں اور اس شاندار روایت کوبہرصورت جاری رکھاجائے گا ۔چیف ایگزیکٹو چوہدری محمد امین نے ریٹائرڈ ملاز مین کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ تمام ملازمین ہمارے لیئے قابل عزت اور محترم ہیں۔ چیف ایگزیکٹو چوہدری محمد امین نے ریٹائر ملازمین کو باعزت طریقے سے محکمانہ سروس پوری کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی اگر آپ کو ہماری کسی بھی قسم کی مدد کی ضرورت ہوئی تو لیسکو آپکی خدمت کے لئے حاضر رہے گی۔ آخر میںملازمین کو پنشن پیپرز/چیک اور تحائف بھی دئیے۔