لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ فضائی آلودگی میں لاہور شہر کا پہلا نمبر تشویشناک ہے۔ ائیر کوالٹی انڈکس 200فیصد تک جا پہنچا ہے۔ سموگ نے پورے شہر کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔ محکمہ صحت اور متعلقہ دیگر اداروں نے فضائی آلودگی کو قابو کرنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے ۔ سموگ پر قابو پانے کیلئے جو کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں وہ بھی کہیں نظر نہیں آرہیں۔ عوام میں سانس ، گلے اور سینے کے امراض میں اضافہ ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی بالخصوص سموگ کا مسئلہ گزشتہ پانچ، چھ برسوں سے کی اپنی حدوں کو چھو رہا ہے۔ ماحولیاتی آلودگی نے عوام کو شدید متاثر کیا ہے۔ ہسپتالوں میں کرونا ، ڈینگی اور سموگ سے متاثرہ مریضوں کا رش ہے۔ عوام کی بد قسمتی رہی ہے کہ ایسے نا اہل حکمران ملک و قوم پر مسلط ہوچکے ہیں جن کو عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں۔ حکومت کے پاس صرف اور صرف ایک ایجنڈا ہے کہ اپوزیشن کو دیورا کے ساتھ لگا نا۔ اگر تھوڑی بہت بھی فہم و فراست کا مظاہر کیا جاتا تو کرونا ، ڈینگی اور سموگ کے مریض یوں بے سہارا نہ ہوتے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری ہنگامی بنیادوں پر ڈینگی اور سموگ کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے ۔المیہ یہ ہے کہ جب کوئی مسئلہ پیدا ہوتا ہے تو ابتداء میں اس کے حل پر توجہ نہیں دی جاتی اور جب وہ وقت کے ساتھ سنگین ہوجاتا ہے تو حکمرانوں کے ہاتھ پائوں پھول جاتے ہیں۔ فضائی آلودگی کا تدارک کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ ضروری ہے۔ عوام کو محض کھوکھلے دعائوں پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔
فضائی آلودگی میں لاہور کا پہلا نمبر تشویشناک ہے: جاوید قصوری
Nov 02, 2021