لاہور(سپورٹس ڈیسک )آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر12 مرحلے میں گروپ ٹو کے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بھارت کی عبرتناک شکست پر سابق بھارتی کھلاڑی نے اپنی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیا۔بھارت کے ماسٹر کلاس بیٹسمین سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ ہماری فائنل الیون ہی درست نہیں، اس لیے آج یہ سب کچھ دیکھنا پڑ رہا ہے۔ اب ہمیں دعا کرنی ہوگی کہ افغانستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کو بری طرح ہرائے۔ساتھ میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ جس طرح نیوزی لینڈ کی ٹیم کھیل رہی ہے، ایسے میں افغانستان ٹیم کا جیتنا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر وریندر سہواگ کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کی ناقص پرفارمنس نے اْنہیں شدید مایوس کیا ہے۔بھارت سے بہت مایوسی ہوئی جبکہ نیوزی لینڈ نے حیرت انگیز کھیل کا مظاہرہ کیا۔بھارت کی باڈی لینگویج اچھی نہیں تھی اور ماضی میں کئی بار کی طرح اس بار بھی بھارت نے شارٹ کا ناقص انتخاب کیا۔نیوزی لینڈ نے عملی طور پر اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ہم بھارت کو اگلے مرحلے تک نہیں پہنچائیں گے۔ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست سے بھارتی کرکٹ ٹیم کو کافی نقصان پہنچا ہے لہٰذا اب ٹیم کی طرف سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔سابق سپنر ہربھجن سنگھ بھی ورلڈکپ میچز میں بھارتی ٹیم پر ہونے والی ٹرولنگ سے تنگ آگئے۔انہوں نے بھارتی ٹیم کی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارتی میڈیا اور شائقینِ کرکٹ کی جانب سے تنقید پر ردعمل دیا۔ہربھجن سنگھ نے کہا کہ ہم اپنی ٹیم کو بہترین پرفارمنس کی وجہ سے جانتے ہیں لیکن شکست پر ان کے ساتھ ایسا رویہ اختیار کرنا کہاں کا انصاف ہے۔انہوں نے کہا کہ شکست کے بعد سب سے زیادہ تکلیف کھلاڑیوں کو ہی ہوتی ہے۔سابق اسپنر نے اپنے ٹوئٹ میں ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کی بہترین پرفارمنس کی تعریف بھی کی۔ ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا کہ ہم صرف ٹیم سلیکشن کی وجہ سے نہیں بلکہ اچھے سٹروک نہ کھیلنے کی وجہ سے ہارے۔