ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کیلئے کراچی پہنچ گئی

Nov 02, 2021

لاہور(سپورٹس رپورٹر)ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر پہنچ گئی۔سٹیفنی ٹیلر کی قیادت میں ٹیم پیر کی صبح کراچی پہنچی۔ دونوں ممالک کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل ویمن سیریز کھیلی جائے گی،3 میچز نیشنل سٹیڈیم میں بالترتیب آٹھ، گیارہ اور چودہ نومبر کوکھیلے جائیں گے۔ مہمان سکواڈ میں انیسہ محمد (نائب کپتان)، عالیہ علینے، شامیلیہ کونیل، ڈینڈرا ڈوٹن، شنیتا گرمونڈ، شینلے ہنری، کیانہ جوزف، کیسیا نائٹ، کیشونا نائٹ، ہیلے میتھیوز ، چیڈن نیشن، شاکرہ سلیمان اور راشدہ ولیئم شامل ہیں۔شامل ہیں۔ شیری این فریسیر، شفیقہ غزنوی، اور کرشنا رام ہریک ریزرو کھلاڑی ہیں۔ مہمان ٹیم تین یوم مقامی ہوٹل میں آئسولیشن میں گزارے گی۔ 4 نومبر کو نیشنل سٹیڈیم میں پریکٹس کا آغاز ہوگا، مہمان ٹیم اگلے دو یوم 5 اور 6 نومبر کوکراچی جمخانہ میں پریکٹس کرے گی۔ 7 نومبر کو نیشنل سٹیڈیم میں پریکٹس ہوگی۔کراچی پولیس نے ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے میچز کے سلسلے میں مربوط سکیورٹی پلان مرتب کیا ہے۔ کراچی پولیس کے سپیشل سکیورٹی یونٹ ایس ایس یو کے ترجمان کے مطابق میچز کے دوران حفاظتی انتظامات سے آگاہ کیا گیا۔ ایس ایس یو کے 368 کمانڈوز سمیت سکیورٹی ڈویژن کے500 اہلکار حفاظتی ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ ایس ایس یو کی لیڈی کمانڈوز بھی سکیورٹی فرائض پر مامور ہوں گی۔ سپیشلائزڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول بسیں نیشنل سٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کرنے کیلئے عملے سمیت موجود ہوں گی۔ ایس ایس ایس یو کی "سواٹ" ٹیم بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں الرٹ رہے گی۔

مزیدخبریں