کراچی (نیوز رپورٹر) امیر ِ جماعت غربا اہلِ حدیث پاکستان و رئیس جامعہ ستاریہ الاسلامیہ گلشنِ اقبال،کراچی مولانا حافظ عبدالرحمٰن سلفی ، نائب امیر جماعت مولانا حافظ پروفیسر محمد سلفی ، مولانا حافظ محمد انس مدنی ، مولانا حافظ مفتی صہیب شاہد دہلوی ، حافظ فیصل سلفی ، حافظ عبدالسلام سلفی اور جماعت کے میڈیا ترجمان عبدالرحمٰن عابد حقانی و جماعت کے دیگر جید علماء کرام ، اساتذہ کرام اور طلباء کی کثیر تعداد نے جامعہ الدراسات الاسلامیہ میں ہونے والی ’’عالمی محفلِ حسن قرأت ‘‘ کی زبردست کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی دینی ، روحانی اور قرآن مجید کی عظمت و فضیلت کو بلند و بالا کرنے والی محافل دینی جامعات میں تسلسل کے ساتھ منعقد ہوتی رہنی چاہئیں۔ تاکہ دین سے دور رہنے والے خواتین و حضرات شریعتِ مطہرہ ، قرآن مجید سن کر پڑھ کر اور اس الہامی کتاب کو با ترجمعہ و تفسیر سے مطالعہ کر کے اپنی زندگی میں دینی انقلاب بر پا کرسکیں۔ مولانا سلفی نے کہا کہ جامعہ الدراسات کے مفتی محمد یوسف کشمیری ، جامعہ ہذٰا کے اساتذہ کرام اور طلباء نے مصری اور پاکستانی قراء حضرات کی احسن انداز سے میزبانی فرما کر ان کے حوصلوں کو ایک نئی جلا بخشی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سارے قراء حضرات نے اپنی مسحور کن آوازوں میں قرآنِ مجید کی تلاوت فرما کر ہزاروں سامعین کرام اور معززات مائوں اور بہنوں کی روحانی کیفیات کو قرآن مجید سے والہانہ انداز سے لگائو اور محبت کا عالمگیر درس دیا ہے ۔ مولانا سلفی نے کہا کہ لاہور سے آئے ہوئے مہمان قاری القراء المقری قاری عبدالسلام عزیزی نے سبعہ قرأت میں قرآن پڑھ کر جامعہ ہذٰا کے اساتذہ ، طلباء اور سامعین کرام کو ورطہِ حیرت میں ڈال دیا انکی تلاوت کے دوران جامعہ الدراسات کی جامع مسجد میں بیٹھے ہوئے تمام سامعین کرام قرآن سے والہانہ محبت اور عبدالسلام عزیزی کی تلاوت سے محظوظ ہو کر اپنی جگہوں سے اُٹھ کھڑے ہوئے اور دیر تک ان کو دادِ تحسین پیش کرتے رہے ۔ اس موقع پر پروفیسر محمد سلفی نے کہا کہ ہمارے تمام دینی جامعات میں طلباء قرأت و تجوید پر بھر پور توجہ دے رہے ہیں تاکہ سبعہ قرأت سے قرآن پڑھنا ان کے لیے آسان ہو جائے ۔
عالمی محفلِ حسن قرأت کی کامیابی پر مولانا حافظ عبدالرحمٰن سلفی و دیگر علماء کرام کی مبارکباد
Nov 02, 2021