صدرمملکت کاچیلنجوں سےنمٹنےکےلئےتعلیمی شعبےمیں مثالی تبدیلی پرزور

Nov 02, 2021 | 15:09

ویب ڈیسک

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے چیلنجوں سے نمٹنے اور دنیا سے بہتر مقابلے کےلئے تعلیمی  شعبے میں مثالی تبدیلی پر زور دیا ہے ۔آج اسلام آباد میں قائد اعظم یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعلیٰ تعلیم  کے فروغ اور نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی  سے آراستہ کرنے پر زوردیا تاکہ قوم کی قسمت بدلی جاسکے۔صدر مملکت نےنشاندہی کی کہ بھارت میں آئی ٹی کے شعبے میں آٹھ لاکھ  افراد ڈگری حاصل کررہے ہیں جبکہ پاکستان میں یہ تعداد صرف چھبیس ہزار ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے  وسائل محدود ہیں تاہم آن لائن تعلیم  کے ذریعے  ہم بھی آئی ٹی کے  شعبے میں تعلیم یافتہ افراد کی تعداد بڑھا سکتے ہیں۔صدر عارف علوی نے تعلیمی اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ  منڈی کی ضرورت کے مطابق  نوجوانوں کو تعلیم  دیں تاکہ صنعتوں کی  ضروریات پوری کی جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کے تعاون سے ملک کی تعمیر کرنا چاہتے ہیں جنہیں معاشرے کی خدمت کےلئے آگے آنے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ قوم کو تعمیر اور اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول کےلئے خواتین کی تعلیم انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔عارف علوی نے کہا کہ پاکستان ایک مخصوص ہدف اور منزل کے ساتھ ایک قوم کے طور پر ابھررہا ہے۔عارف علوی نے اعلیٰ تعلیمی کمیشن کی خصوصی افراد کو تعلیم اور رہائش کی مفت سہولیات فراہم کرنے کی پالیسی کو سراہا، انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی لعنت  کو روکنے کےلئے کوششیں کرنا ناگزیر ہے۔

مزیدخبریں