تبلیغی اجتماع کے شرکا حکومتی مہمان بہترین سہولتیں دینگے : پرویزالہی 

Nov 02, 2022


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع رائیونڈ کے لئے بہترین انتظامات کی ہدایت کی ہے۔ عالمی تبلیغی اجتماع رائیونڈ میں شرکت کے لئے آنے والے پنجاب حکومت کے مہمان ہیں ان کی کھلے دل سے مہمان نوازی کریں گے۔ بیرون ملک سے بھی بڑی تعداد میں لوگ اجتماع میں شرکت کررہے ہیں۔ عالمی تبلیغی اجتماع کے لئے آنے والے شرکاء کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اجتماع کے لئے بہترین انتظامات کرنا ہماری دینی اور معاشرتی روایات کا حصہ ہے۔ پرویز الٰہی کی زیرصدارت اجلاس میں سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کے انتظامات، ضروری سہولتوں کی فراہمی اور سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تبلیغی اجتماع کے شرکاء کی سہولت کیلئے تمام تر انتظامات وقت سے قبل مکمل کئے جائیں۔ اجتماع اور داخلی و خارجی راستوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جائے۔ مزید کیمرے خرید کر نصب کئے جائیں۔ اضافی پٹرولنگ پولیس تعینات کی جائے۔ پولیس، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ شاندار انتظامات اور فول پروف سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ سڑکوں کی تعمیر ومرمت کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے۔ رائیونڈ بائی پاس پر لائٹس کا مناسب انتظام کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے اجتماع کے لئے سرکاری فرائض سرانجام دینے والے عملے اور پولیس نفری کے لئے کھانے پینے کے بہترین انتظامات کی ہدایت کی۔ ریسکیو 1122 کے عملے کی تعداد بڑھائی جائے۔ بھارت سے آنے والے مہمانوں کے لئے واہگہ بارڈر پر خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ اجتماع کے لئے بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لئے پوری ٹیم نے مل کر کام کرنا ہے اور میں خود وزٹ کر کے انتظامات کا جائزہ لوں گا۔ علاوہ ازیں پرویز الٰہی کی زیر صدارت  کی خصوصی ہدایت پر جناح ہسپتال لاہور اور نشتر ہسپتال ملتان میں سائبر نائف ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ پرویز الٰہی نے دونوں ہسپتالوں میں سائبر نائف ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ سائبر نائف ٹیکنالوجی کے ذریعے کینسر اور دیگر پیچیدہ امراض کا مفت علاج کیا جائے گا۔ دونوں ہسپتالوں میں سائبر نائف ٹیکنالوجی سے طریقہ علا ج کے بارے میں ڈاکٹرز کو تربیت بھی دی جائے گی۔ پنجاب حکومت گھرکی ہسپتال کے تعاون سے سرجری کی جدید ٹیکنالوجی سائبر نائف کے ذریعے علاج کو ہیلتھ کارڈ پروگرام میں شامل کر چکی ہے۔ علامہ اقبال میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا بھی جائزہ لیں گے۔ پرویز الٰہی نے شکیل مسعود حسین کو پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

مزیدخبریں