عمان‘ بریڈ فورڈ (نوائے وقت رپورٹ) دنیا کے 500 بااثر ترین مسلمانوں کی فہرست جاری کر دی گئی۔ جورڈن اسلامک سٹرٹیجک سٹڈیز سنٹر نے جاری کی ہے۔ برطانوی ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ دنیا کے 500 بااثر مسلمانوں کی بین الاقوامی فہرست میں شامل ہیں۔ میئر لندن صادق خان اور بیرونس سعیدہ وارثی بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ ناز شاہ ایم پی 2023ء کے ایڈریشن کیلئے سیاست کے میدان میں برطانیہ کی سب سے نئی انٹری ہے۔ ناز شاہ ایم پی اے نے کہا کہ دنیا کے بااثر مسلمانوں کی فہرست میں شمولیت میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ ہمیشہ مقامی اور عالمی سطح پر بہترین پروفائل بلند کرنے کیلئے کردار ادا کیا۔ برطانوی مسلمانوں کی بہترین ترقی میں کردار ادا کرتی رہوں گی۔ بھارت سے تعلق رکھنے والے عالم دین اور جمعیت علمائے ہند کے صدر مولانا محمود مدنی کو ’مین آف دی ایئر‘ اور نومسلم امریکی خاتون عائشہ عبدالرحمان کو وویمن آف دی ایئر قرار دیا گیا۔ 2023 کے لیے فہرست میں اول نمبر پر سعودی فرمانروا سلمان بن عبد العزیز جب کہ دوم پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای براجمان ہیں۔ اسی طرح تیسرا نمبر امیرِ قطر تمیم بن حمد الثانی اور چوتھے نمبر کے لیے ترکیہ کے صدر طیب اردگان حقدار قرار پائے۔ پانچواں نمبر اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم کا رہا۔ آٹھویں نمبر پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور دسویں نمبر پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ہیں۔ 500 بااثر مسلمان شخصیات کی فہرست میں چھٹے نمبر پر پاکستان کے ممتاز عالم دین تقی عثمانی ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر اعظم شہباز شریف، عمران خان، مولانا طارق جمیل، سراج الحق، الیاس قادری، ڈاکٹر عطاء الرحمان اور ملالہ یوسفزئی بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ رائل اسلامک سٹرٹیجک سٹڈیز سینٹر کی فہرست میں شامل بااثر 500 مسلم شخصیات کو 13 شعبہ ہائے زندگی سے شامل کیا جاتا ہے جن میں مذہب، سائنس، ٹیکنالوجی، خدمت خلق، سیاست اور آرٹ اینڈ کلچر شامل ہیں۔
500 بااثر مسلم شخصیات میں شہباز شریف‘ جنرل باجوہ‘ عمران شامل
Nov 02, 2022