آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بلڈ شیڈ، بندوقوں، گالی اور خونی انقلاب سے الیکشن نہیں ملتے، عمران نیازی چاہتے ہیں ملک میں ایمرجنسی لگے، وہ ملک میں انتشار اور تقسیم پیدا کرنا چاہتے ہیں، ان جیسا آئین شکن پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں آیا، مسلم لیگ (ن) عمران نیازی کے دھرنے سے نمٹنا جانتی ہے، عمران نیازی کے لانگ مارچ کا اسلام آباد پہنچنے سے پہلے ہی بوریا بستر گول ہو جائے گا، 2014ء میں بھی عمران نیازی چین کے صدر کے دورہ پاکستان کو سبوتاژ کرنے کے لئے کنٹینر پر تھے اور آج بھی وہ وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران کنٹینر پر ہیں، نہ پہلے ان کے ہاتھ کچھ آیا، نہ اب کچھ آئے گا۔ وزیراعظم کا دورہ چین سی پیک منصوبوں کیلئے نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین اور سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران نیازی کے چار سالہ دور میں سی پیک تاخیر کا شکار ہوا، ان کے دور میں جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی (جے سی سی) کا ایک اجلاس بھی نہیں ہوا، وزیراعظم کا دورہ چین سی پیک کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ 2014 میں بھی یہ ایمپائر کی انگلی کا انتظار کرتے کرتے 126 دن کا دھرنا دے کر گھر چلا گیا تھا، اس وقت بھی اس کے ہاتھ کچھ نہیں آیا تھا۔ الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے، حکومت اپنی مدت پوری کر کے الیکشن کرائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کل تاریخی کسان پیکیج کا اعلان کیا۔ جبکہ عمران نیازی نے ملک میں مارشل لاء لگوانے کا مطالبہ کیا، یہ عمران نیازی کے دماغ کی فرسٹریشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عمران نیازی کے دھرنے سے نمٹنا جانتی ہے، نواز شریف کی قیادت میں 2014 میں بھی 126 دن کے دھرنے کے بعد عمران نیازی کو گھر بھیجا تھا، اب بھی اسلام آباد پہنچنے سے پہلے ان کا بوریا بسترا گول ہوگا اور یہ گھر جائیں گے۔