جن کے پاس طا قت انہیں مصالحت کرانی چا ہئے، نواز شریف کو ان کے حلقے سے ہرائوں گا، عمران 


گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ وہ قوم جو بڑے چوروں کو نہیں پکڑتی وہ تباہ ہو جاتی ہے اس لئے یہ حقیقی آزادی کی تحریک ہے۔ حقیقی آزادی تب آئے گی جب انصاف اور لوگوں کے حقوق ہونگے، طاقتور اور کمزور قانون کے سامنے سب برابر ہونگے، عدل و انصاف ہو گا، تب ملک خوشحال اور لوگ آزاد ہونگے۔ اس لئے میں اسلام آباد جا رہا ہوں، میں سارے پاکستان کو کہوں گا آپ اسلام آباد پہنچیں، چاہے موٹر سائیکل ہو سائیکل ہو یا پیدل ہو اسلام آباد پہنچو، اگر آج ہم کھڑے نہیں ہونگے تو ہمارے مقدر میں ذلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی جو مسلمانوں پر ظلم کر رہا ہے نواز شریف اسے شادی پر گھر بلا رہا ہے۔ نواز شریف اور زرداری تمہارا خدا پیسہ ہے تم پیسے کے بت کی پوجا کرتے ہو، یہ قوم کلمہ کے نعرے پر بنی تھی، گوجرانوالہ اور پاکستان تیار ہو جائو میں اسلام آباد جا رہا ہوں کوئی یہ نہ سمجھے کہ میں دھرنا دینے آرہا ہوں ، میں کوئی دھرنا دینے نہیں آرہا میں وہاں حقیقی آزادی کی جہاد لڑنے جا رہا ہوں، ہمارا مقابلہ مجرموں، رانا ثناء اللہ جیسے قاتلوں سے ہے۔ رانا ثناء اللہ جیسا قاتل، شریف جیسے چور اور زرداری مافیا کے آگے قوم نہیں جھکے گی ،ہم اپنی حقیقی آزادی چاہتے ہیں ہم نے قانونی اور آئینی جنگ لڑنی ہے ،آئین شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرتی ہے ،انہوں نے کہا قانون ایسا بنا دیا ہے کہ ہمارا انصاف کا نظام انہیں نہیں پکڑ سکتا ،خود کہتے ہیں ہمارے لندن میں مہنگے علاقے میں 4فلیٹس ہیں ،شہباز شریف کی 24ارب کی کرپشن، 30سال سے چوری کر رہا ہے شہباز شریف دنیا میں جاکر بھکاریوں کی طرح پیسہ مانگ رہا ہے ،انہوں نے کہا انسانوں کا سمندر اسلام آباد کی طرف آرہا ہے ،ہم پاکستانی ہیں اس ملک کے شہری ہیں ،بطور شہری ہمارے حقوق ہیں یہ قوم جاگ چکی ہے ہمیں کون انصاف دے گا ،عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے ارشد شریف نے بتایا تھا کون دھمکیاں دیتا تھا ارشد شریف ملک سے باہر جاتا ہے وہاں شہید کیا جاتا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج ایف آئی اے چرا کر لے گئی، ایف آئی اے کو حکم دیں سی سی ٹی وی فوٹیج آپ کے سامنے رکھی جائے،  رانا ثناء اللہ تمہارا بھی وقت آگیا ہے زیا دہ دیر نہیں ہے تمہارے جو اس وقت پسینے چھوٹ رہے ہیں میں جانتا ہوں۔ ہر دوسرے دن بیان دیتا ہے کہ ہمیں اور پیسے چاہیے اور پولیس چاہیے۔ سندھ سے پولیس منگوا لی ہے 41کروڑ روپیہ اس قو م کا خرچ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا میں سمجھتا تھا کہ لاہور نے زبر دست استقبال کیا ہے لیکن گوجرانوالہ نے ریکارڈ توڑ دیا۔ عمران خان نے شیرانوالہ باغ اور گوندلانوالہ چوک میں کارکنوں سے خطاب کیا ، پہلوانوں کے شہر میں کپتان کی آمد پر ٹکٹ ہولڈرز علی اشرف مغل، چوہدری صدیق مہر، میاں طارق محمود ،سٹی صدر خالد عزیز لون ، سٹی جنرل سیکرٹری چوہدری طارق گجر ، عثمان سعید بسرائ، سابق صدر چیمبر عمر اشرف مغل، بلال اعجاز ، رانا نذیر احمد خاں ،ظفر اللہ چیمہ ، سہیل ظفر چیمہ، مصطفی خالد لون، عثمان صدیق، چوہدری حسن یوسف گجر، لالہ اسد اللہ پاپا ،ایس کے حمید ،ضلعی صدر میاں ارقم خان ، رضوان اسلم بٹ و دیگر عہدیداران نے ان شاندار استقبال کیا ، جبکہ عمران خان کے خطاب کے بعد لانگ مارچ کے مرحلہ اختتام کر دیا گیا تاہم حقیقی آزادی لانگ مارچ آج دوبارہ ادھر سے ہی شروع ہو گا اور شیڈول کے مطابق مقررہ منزل کی طرف رواں دواں ہو جائے گا۔ عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا حقیقی آزادی مارچ گوجرانوالہ سے گزر رہا ہے اور ہم ایک انقلاب کی جانب گامزن ہیں، چوروں کے ٹولے کو گھر بھیج کر عوامی حکومت لائیں گے۔ ہمارا مقابلہ مجرموں سے ہے، چیف جسٹس صاحب اگرآپ اور عدلیہ لوگوں کے لیے کھڑے نہیں ہونگے توکون کھڑا ہوگا؟ کس بنیاد پر ہمارے لانگ مارچ کی کوریج بند کی گئی ہے، ہم پاکستانی ہے کس چیزکا خوف ہے؟ یہ قوم جاگ چکی ہے، کوئی بھی اس شعور کو بوتل میں بند کرنے کی کوشش کرے گا وہ اس سمندر میں بہہ جائے گا، عمران خان نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو  وطن واپس آ کر اپنے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا۔ شرکاء سے خطاب میں عمران خان نے کہا نواز شریف انتظارکر رہا ہے کہ اس کو طاقتور لوگوں سے این آر او مل جائے اور پھر وہ واپس آجائے، ہم سب مل کر نواز شریف کا استقبال کریں گے، ان کو ائیرپورٹ سے اڈیالہ جیل لے کر جائیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھاکہ نواز شریف نے میڈیکل رپورٹس میں بھی دھاندلی کی، نواز شریف اور زرداری مل کر سازش کر رہے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے چیلنج کیا کہ نواز شریف جب بھی واپس آؤ اور الیکشن لڑو، چیلنج کرتا ہوں تمہارے حلقے میں جاکر تمہیں ہراؤں گا۔ عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری پی ٹی آئی کو فوج سے لڑانے کی سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پھر لندن میں بیٹھا بھگوڑا نواز شریف اور ملک کی سب سے بڑی بیماری آصف زرداری ملکر سازش کر رہے ہیں کہ ملک کی سب سے جماعت پی ٹی آئی اور فوج و اسٹیبلشمنٹ کو ایک دوسرے کیخلاف کھڑا کریں‘ یہ ملک کیخلاف سازش ہے‘ سارے چوروں کا مقصد فوج کا پی ٹی آئی سے ٹاکرا کرانا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آصف زرداری کے پیچھے سندھ آ رہا ہوں۔ قبل ازیں لانگ مارچ کے پانچواں روز سفر کا گوجرانوالہ سے آغاز ہو گیا۔ پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کا نیا شیڈول جاری کر دیا جس کے مطابق لانگ مارچ کی اسلام آباد آمد میں مزید تاخیر ہو گی۔ لانگ مارچ گوجرانوالہ سے روانہ ہو گا آج گکھڑ کے مقام پر پہنچے گا۔ جمعرات کو وزیر آباد اور گجرات پہنچے گا۔ لانگ مارچ جمعہ کو لالہ موسیٰ اور ہفتہ کو کھاریاں پہنچے گا۔ نئے شیڈول کے مطابق مارچ اتوار کو جہلم پہنچے گا۔اس سے قبل جاری کردہ شیڈول کے مطابق مارچ کو جمعے کو اسلام آباد پہنچنا تھا۔ راولپنڈی میں لانگ مارچ کے استقبال کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی تصاویر کے ہیوی بل بورڈز مری روڈ پر نصب کر دیئے گئے۔ میٹرو ٹریکس پر بھی خوش آمدید کے بینرز آویزاں کر دیئے گئے۔ پی ٹی آئی لانگ مارچ ممکنہ طور پر مری روڈ سے شہر میں داخل ہو گا اور فیض آباد انٹر چینج سے اسلام آباد میں داخل ہو گا۔  دریں اثناء امریکی میڈیا کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا ہے کہ ہم ایک انقلاب کی جانب گامزن ہیں‘ چوروں کے ٹولے کو گھر بھیج کر عوامی حکومت لائیں گے۔ مصالحت سے متعلق سمجھتا ہوں جن کے پاس طاقت ہے انہیں فیصلہ کروانا چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن