کپاس پرتحقیق کے ثمرات کاشتکاروں تک پہنچنا ضروری‘ ڈاکٹر فیصل ظہور

Nov 02, 2022


ملتان (خبر نگار خصوصی)کپاس پرتحقیق کے ثمرات کاشتکاروں تک پہنچنا ضروری ہیں اور ہمیںکپاس کی ایسی اقسام کی دریافت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے جوجاری موسمیاتی تبدیلیوں کو برداشت کرتے ہوئے زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل ہوں یہ بات سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ڈاکٹر فیصل ظہور نے سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کے دورہ پر کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری زراعت، امتیاز احمد وڑائچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سیکریٹری زراعت کا کہنا تھا کہ محکمہ زراعت کاٹن کی ترقی وفروغ کے لئے ریسرچ اداروں کی ہر قسم کی معاونت فراہم کرے گی۔ ادارہ کے ڈائریکٹر سی سی آر آئی ،ڈاکٹر زاہد محمود نے نے ادارہ کی تیار کردہ کپا س کی مختلف اقسام، جنگلی کپاس کابلاک، گلابی سنڈی کے انسداد اور لیف ٹیکنالوجی بارے تفصیل سے بتایا۔ سیکریٹری زراعت ڈاکٹر فیصل ظہور نے کہا کہ کپاس کے ریسرچ اداروں کی بدولت ہی ہم کپاس کی معیاری پیداوار میں اضافہ سے ملکی ٹیکسٹائل کی صنعت کو ترقی دے سکتے ہیں۔

مزیدخبریں