رائے ونڈ، لاہور (نمائندہ نوائے وقت ، خبرنگار)سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی لاہور کی تبلیغی اکابرین سے ملاقات، اجتماع گاہ کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔تبلیغی اکابرین سے ملاقات میں سیکورٹی انتظامات مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ڈی آئی جی افضال کوثر اور سی سی پی او غلام محمود ڈوگرنے پولیس اہلکاروں کی نفری اجتماع ڈیوٹی پر بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ 2500پولیس اہلکار اجتماع ڈیوٹی سرانجام دینگے،جبکہ انکے ساتھ2200تبلیغی کارکنان سیکورٹی ڈیوٹی سرانجام دینگے۔جبکہ اجتماع میں شرکت کیلئے بھارتی مبلغین کا وفد بھی پاکستان پہنچ گیا۔وفد کی قیادت مولانا محمد ابراہیم کررہے ہیں۔مولانا ابراہیم اجتماع کی اختتامی دعا بھی کروائیں گے۔دوسری جانب ریلوے پولیس نے اجتماع کے موقع پر سیکورٹی پلان ترتیب دیدیا۔ڈی سی لاہور محمد علی کی زیر صدارت تبلیغی اجتماع کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔اجتماع کے اندر اور باہر سیف سٹی کے کیمروں کے علاوہ ضلعی انتظامیہ لاہور سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گی اور مرکزی کنٹرول روم اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ کے آفس میں بنایا جائےگا۔لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے رائیونڈ سالانہ تبلیغی اجتماع سے قبل جامع صفائی پلان جاری کر دیا ہے۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی علی عنان قمر خو د تبلیغی اجتماع کے مقام پر صفائی انتظامات کا جائزہ لینے رائیونڈ پہنچے۔
رائیونڈ اجتماع، سی سی پی او، ڈی آئی جی آپریشنز کا سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ
Nov 02, 2022