اسلام آباد؍ راولپنڈی؍ننکانہ صاحب؍ سید والہ (نامہ نگار+ خبر نگار+ جنرل رپورٹر) پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122لاہور میں تعینات ننکانہ صاحب کا رہائشی عدیل احمد گزشتہ روز ڈینگی بخار کے باعث میئو ہسپتال لاہور میں دم توڑ گیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ ان کے آبائی گائوں سید والا میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر محمد اعظم، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اکرم پنوار، ایمرجنسی آفیسر ڈی ڈاکٹر رضوان اور ریسکیو افسران و ریسکیورز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیراور ہیڈ کوارٹرز پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ کے دیگر ریسکیو افسران نے گہرے دکھ و غم کا اظہار کیا۔ اسلام آباد میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کے 48 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر کیسز کی تعداد 4838 ہو چکی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر زعیم ضیاء کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ روز ڈینگی کے 48 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ راولپنڈی میں ڈینگی کے مریض کی تعداد میں کمی ہونے لگی، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 42 افراد میں ڈینگی کا شکار ہوئے، ترجمان محکمہ صحت کے مطابق رواں برس ڈینگی کے مریض کی تعداد 4395 تک پہنچ چکی ہے۔ الائیڈ ہسپتال میں داخل راولپنڈی کے ڈینگی مریضوں کی تعداد 70 ہے۔
ڈینگی