ایل پی جی 2.96روپے کلومہنگی‘  گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 35روپے اضافہ 

Nov 02, 2022


اسلام آباد(نا مہ نگار)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) کی جانب سے نومبر 2022کے لیے ایل پی جی کی فی ٹن پیداواری قیمت بڑھا کر 2لاکھ 4ہزار 166روپے مقرر کیے جانے کے باعث ایل پی جی کی فی کلو گرام قیمت میں 2روپے96پیسے اضافہ ہوگیاجس کے بعد ایل پی جی کی نئی قیمت 204روپے 16پیسے فی کلومقرر کی گئی ہے۔اوگرا کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق گھریلو سیلنڈر کی قیمت میں 35روپے اور کمرشل سیلنڈر کی قیمت میں 134روپے اضافہ کر دیا گیا۔اضافے کے نتیجے میں فی کلو گرام ایل پی جی کی قیمت بڑھ کر 204روپے16پیسے، گھریلو سیلنڈر کی قیمت بڑھ کر 2409روپے16پیسے اور کمرشل سیلنڈر کی قیمت بڑھ کر 9269روپے ہوگئی۔ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرا دیا گیا ہے اور موسم سرما کے دوران قدرتی گیس کا تاریخ ساز شاٹ فال پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے غریب صارفین کو ریلیف دینے کے لیے حکومت ایل پی جی پر عائد تمام ٹیکسوں کا خاتمہ کرے تاکہ لوگوں کو سستی گیس کی سہولت مل سکے۔عرفان کھوکھر نے کہا کہ جے جے وی ایل کی بندش سے نہ صرف حکومت کو اربوں روپے مالیت کے ریونیو کا نقصان کا سامنا ہے بلکہ عوام بھی سستی گیس کی سہولت سے محروم ہوگئی ہے لہذا اس دوطرفہ نقصان سے بچنے کے لیے فوری طور پر جے جے وی ایل کو آپریشنل کیا جائے۔چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں سوئی گیس کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ایل پی جی امپورٹ کی جامع پالیسی بنائی جائے اور ایل پی جی کی مقامی آٹوموٹیو سیکٹر میں کے استعمال کو قانونی بنایا جائے۔
 ایل پی جی

مزیدخبریں