لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے 4 بلز عوامی مفاد میں اصلاح کی تجاویز کے ساتھ پنجاب اسمبلی کو واپس بھیج دیئے۔ پنجاب منسٹرز سیلیریز الائونسز اینڈ پری ویلیجز (امینڈمنٹ ریپیل) بل 2022ئ، پنجاب احساس پروگرام بل 2022ئ، پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2021ء اور اردو لینگوئج بل 2022ء تجاویز کے ساتھ واپس بھجوا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب احساس پروگرام بل میں سیکرٹری ٹو پنجاب گورنمنٹ فنانس ڈیپارٹمنٹ یا اس کے نامزد رکن جو کہ ایڈیشنل سیکرٹری رینک کا ہو احساس کونسل کا ممبر ہونا چاہئے، حکومت کا غربت ختم کرنے اور سماجی تحفظ دینے کیلئے متعارف کردہ نیا بل ہے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے لئے فنڈز محکمہ خزانہ سے درکار ہوں گے اس لئے احساس کونسل میں فنانس ڈیپارٹمنٹ کا رکن ان معاملات کو حل کرنے میں کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ بل 2021ء پنجاب اسمبلی نے بل کو دوبارہ غور کرتے ہوئے اس کی سیکشن 10 اور 187 میں ترمیم کی ہے یہ اوریجنل بل نہیں جو گورنر پنجاب کی توثیق کیلئے پیش کیا گیا تھا۔ چونکہ بل ترمیم کے ساتھ ہے اسے از سر نو 19 نومبر کو پنجاب اسمبلی سے پاس اور گورنر سیکرٹریٹ کو 20 اکتوبر کو مطلع تصور کیا جائیگا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب منسٹرز سیلیریز الاؤنسز اینڈ پریویلیجز (امینڈمنٹ ریپیل) بل 2022ء پر عملدرآمد سے خزانے پر بوجھ بڑھے گا۔ اس بل سے سابق وزرائے اعلیٰ اور وزراء کی سکیورٹی سکواڈ سمیت غیر ضروری مراعات جو ختم کر دی گئی تھیں بحال ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ بل سے ٹیکس گزاروں کا پیسہ مراعات کی مد میں خرچ ہوگا جس کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے۔
بل واپس
گورنر پنجاب نے 4 بلز اصلاح کی تجاویز کیساتھ پنجاب اسمبلی کو واپس بھیج دیئے
Nov 02, 2022