لاہور (خبر نگار) ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب دوست مزاری کے جسمانی ریمانڈ میں دو روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں انٹی کرپشن کے حوالے کر دیا۔ گذشتہ روز سابق ڈپٹی سپیکر دوست مزاری کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضی نے کیس پر سماعت کی۔ دوست مزاری کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد پیش کیا گیا، اینٹی کرپشن نے دوست مزاری کے خلاف اراضی پر قبضہ کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ اینٹی کرپشن نے دوست مزاری کا مزید جسمانی ریمانڈ مانگ لیا۔ دوست مزاری کے وکیل نے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کر دی اور عدالت کو اپنے دلائل میں کہا کہ اینٹی کرپشن نے زمینوں کی دستاویزات کے لیے ریمانڈ مانگا تمام زمینوں کا ریکارڈ سرکاری آفس میں موجود ہے یہ سیاسی بنیادوں پر کیس بنایا گیا۔ فاضل عدالت نے دلائل سننے کے بعد دوست مزاری کے جسمانی ریمانڈ میں دو روز کی توسیع کر دی۔ اینٹی کرپشن ٹیم دوست مزاری کو لے کر واپس روانہ ہو گئی۔ دوست مزاری کے ساتھ آئے ہوئے لوگوں نے اینٹی کرپشن ٹیم پر حملہ کر دیا، اینٹی کرپشن اہلکاروں پر مکوں اور لاتوں کی بارش کر دی۔ مشتعل افراد نے کہا کہ دوست مزاری کو ضلع کچہری سے واپس لے جانے نہیں دیں گے۔ دوست مزاری نے کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مکمل طور پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا، جسے اب ختم ہونا چاہئے جب بھی کوئی اقتدار میں آتا ہے تو دوسرے کو کچلنے کی کوشش کرتا ہے، یہ کوئی طریقہ نہیں ہے۔ دوسرے کو کچلنا، کیا ملک ایسے ترقی کرے گا؟ آپ نے دیکھا کہ پنجاب میں کیا حال ہے؟ انہوں نے پنجاب میں کونسی دودھ کی نہریں بہا دی ہیں؟۔ آج عدالت میں قانون کا سامنا کر رہا ہوں، مجھے کوئی ڈر نہیں، میں کوئی چور یا ڈاکو نہیں ہوں۔
دوست مزاری