سرینگر، نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ کے پی آئی) بھارت کے غیر قانونی قبضے والے کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کارروائیاں جاری ہیں۔ سرچ آپریشن کے دوران پلوامہ میں 3 اور ضلع اسلام آباد میں مزید ایک نوجوان کو شہید کر دیا۔ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام قانون یو اے پی اے کے تحت دو اورکشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جبکہ بھارتی ریاست کرناٹک میں انجینئرنگ کے ایک مسلمان طالب علم کو پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ طالب علم فیض رشید پر الزام ہے کہ اس نے 14فروری 2019ء کو پلوامہ حملے سے متعلق سوشل میڈیا پر بھارتی سلامتی کے خلاف پوسٹ لگائی تھی۔ دوسری جانب بھارتی وزیر اعظم مودی کے جاب پیکج کے تحت زیر تسلط کشمیر آنے والے ساڑھے پانچ ہزار پنڈت (ہندو) نوجوان واپس چلے گئے ہیں۔ اور ڈیوٹی پر حاضر ہونے سے انکار کر دیا ہے۔ سابق وزیر اعلی اور جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں کشمیر اور لداخ کے درمیان جو رشتہ ہے وہ نقشے پر نقلی لکیریں کھینچنے سے کمزور ہوگا اور نہ ہی اس رشتے میں کبھی کوئی کمی آئے گی۔
4 کشمیری شہید
قابض بھارتی فوجیوں نے 3 پلوامہ، ایک کو اسلام آباد میں نشانہ بنایا، جموں، لداخ کا رشتہ نقلی لکیروں سے کمزور نہیں ہوگا: عمر عبداللہ
Nov 02, 2022