آئی جی پنجاب فیصل شاہکار پہلے اقوام متحدہ کے پولیس ایڈوائزر تعینات 

Nov 02, 2022


لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار)انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب فیصل شاہکار کو اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس نے پولیس ایڈوائزر برائے ڈیپارٹمنٹ آف پیس آپریشنز منتخب کیا ہے۔ فیصل شاہکار کی بطور پولیس ایڈوائزر تعیناتی کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا ہے۔ فیصل شاہکار کی اقوام متحدہ میں بطور پولیس ایڈوائزر تعیناتی پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے۔ اس پوزیشن پر منتخب ہونے والے  وہ پہلے پاکستانی ہیں۔ اس سے قبل  مغربی ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد تعینات ہوتے رہے ہیں۔ فیصل شاہکار کو  پولیس سروس میں تیس برس جبکہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز اور مختلف فیلڈ ڈیوٹیوں پر کام کرنے کا 9سالہ تجربہ حاصل ہے۔ فیصل شاہکار نے 2020-2021ء میں یونائیٹڈ نیشن سٹینڈنگ پولیس کپیسٹی میں بطور ٹیم لیڈر خدمات سر انجام دی ہیں۔ فیصل شاہکار نے یونائیٹڈ نیشن مشن کے تحت لائبریا اور بوسنیا ہرزیگوینا میں بھی تین برس سے زائد عرصہ فرائض ادا کئے ہیں۔ وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زردادی اور وزیر اعلیٰ پنجاب، چوہدری پرویز الہی نے اقوام متحدہ میں پولیس ایڈوائزر منتخب ہونے پر آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہاکہ ڈیپارٹمنٹ آف پیس آپریشنز میں ایک پاکستانی سینئر پولیس آفیسر کا ایڈوائزر منتخب ہونا اقوام عالم میں ہماری پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔
فیصل شاہکار

مزیدخبریں