اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں آپریشن کے دوران 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 31 اکتوبر اور یکم نومبر کی درمیانی شب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ جب کہ اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں سرگرم رہے۔ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لئے کارروائی کی جا رہی ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔