آرمی چیف کا دورہ آذربائیجان: سیاسی، عسکری قیادت سے ملاقاتیں

Nov 02, 2023

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر جمہوریہ آذربائیجان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کے دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان فوجی اور دفاعی تعاون کو بڑھانا ہے۔ آرمی چیف نے جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور وزیر دفاع، پہلے نائب وزیر، چیف آف جنرل سٹاف اور آذربائیجان ایئر فورس کے کمانڈر سے ملاقاتیں کیں۔ آرمی چیف نے آذربائیجان کی مسلح افواج کی آپریشنل تیاری اور حوصلے کو سراہا۔ آذربائیجان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے آذربائیجان کی پاکستان کی طرف سے مسلسل حمایت کو سراہا اور دونوں ریاستوں اور ان کی مسلح افواج کے درمیان باہمی تعاون کو نئی سطح تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ جنرل سٹاف ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے باکو میں یادگار شہداءپر پھول بھی رکھے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کے دوران گفتگو میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات مختلف شعبوں میں کامیابی سے فروغ پا رہے ہیں جن میں فوجی تعاون بھی شامل ہے۔ دفاعی صنعت میں آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان کامیاب تعاون کو سراہتے ہوئے صدر الہام علیوف نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ فوجی تربیت کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔ صدر الہام علیوف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

مزیدخبریں