لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) امیرجماعت اسلامی لاہو رضیاءالدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ اسرائیل کا غزہ میں وحشیانہ فاسفورس بموں کا استعمال انسانیت کا قتل عام ہے۔ ہسپتالوں، پناہ گزین کیمپوں اور عبادت گاہوں پر اسرائیلی حملے اقوام متحدہ کے منہ پر طمائچہ ہے۔ امریکہ اورمغربی طاقتوں کی ایما پر اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری بدترین دہشتگردی ہے۔ اسرائیل کی دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والے مغربی ممالک مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔26 دن سے جاری اسرائیلی حملوں کے بعد غزہ کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے۔ دو لاکھ کے قریب گھر مکمل تباہ اور سینکڑوں افراد ملبے میں اپنے پیاروں کی تلاش میں مصروف ہیں ۔اسرائیل کے خلاف حماس کی مزاحمت اور جدوجہد بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے اور شریعت کے مطابق ان کی یہ جنگ تمام انسانیت کو بچانے کی جنگ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ضلعی شوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔