روانڈا کی سینٹ کے صدرکی قیادت میں ا یک وفد کا اسلام آباد چیمبر کا دورہ

Nov 02, 2023

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) جمہوریہ روانڈا کی سینٹ کے صدر ڈاکٹر کالندا فرانکوئس زیویئر کی قیادت میں ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان کے ساتھ کاروبار اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزیدبہتر بنانے کے امور پر تاجر برادری کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ روانڈا کی خارجہ امور کی کمیٹی کی چیئرپرسن سنیٹر ر مرنگوا ندنگیزا حدیدجا ہ ، روانڈا کے سفیر جیمز کیمونیو، پاکستان میں روانڈا کے اعزازی قونصل جنرل فاروق اے خواجہ اور دیگر وفد میں شامل تھے۔ سنیٹر ذیشان خانزادہ بھی وفد کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے روانڈا کی سینٹ کے صدر ڈاکٹر کالندا فرانکوئس زیویئر نے کہا کہ روانڈا اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات بہتر راستے پر گامزن ہیں اور ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور آئی سی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روانڈا پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ متعدد مفاہمت کی یادداشتوں پر بات چیت کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی تاجر برادری روانڈا کا دورہ کر کے کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرے کیونکہ روانڈا کاروبار کیلئے ایک پرکشش ملک ہے۔روانڈا کے سفیر جیمز کیمونیو نے کاروباری برادری کو روانڈا میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے زیرو امپورٹ ٹیرف، ٹیکس کی چھوٹ اور ون سٹاپ شاپ کی سہولت سمیت دیگر جامع اصلاحات سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی تاجر برادری روانڈا میں کان کنی، مینوفیکچرنگ، توانائی، زراعت اور فنانشل سروسز سمیت دیگر شعبوں میں کاروبار اور سرمایہ کاری کرنے کی کوشش کرے ۔ انہوں نے کہا کہ روانڈا پاکستان میں اپنا ایک مکمل سفارت خانہ کھولنے پر غور کر رہا ہے جس سے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔پاکستان میں روانڈا کے اعزازی قونصل جنرل فاروق اے خواجہ نے دونوں ممالک کے درماین باہمی تعاون کے ممکنہ شعبوں پر روشنی دالٹی اور ان رکاوٹوں کا ذکر کیا جن کو حل کر کے پاکستان اور روانڈا کے درمیان کاروبار میں بہتر اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ وفد نے آئی سی سی آئی کے اراکین کے ساتھ بی ٹو بی ملاقاتیں بھی کیں۔

مزیدخبریں