گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)سیرت مصطفی پر عمل کرکے ہی کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے ،نظام مصطفی کے نفاذ کے لیے تمام مکتب فکر کے علمائے کرام کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور اسی نظام میں ہماری فلاح اور کامیابی ہے۔ ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ ہم خاتم الانبیاء کی سیرت پر عمل کریں گے۔آج پوری دنیا میں مسلمان ظلم وستم مسائل کا شکار ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ حضورؐکی تعلیمات سے دوری ہے جب تک مسلمان اپنے دین پر عمل نہیں کریں گے تب تک کامیابی ممکن نہیں ،فلسطین اور کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم کو ختم کرانے کے لیے عالم اسلام کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے سابق چیئرمین مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد منیب الرحمن، 36ویں سالانہ عرس مبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔انجمن تاجران امن کمیٹی میاں محمد اکرم نے کہا کہ بزرگانِ دین،اولیا کاملین اور صوفیا عظام نے دین اسلام کی تبلیغ واشاعت کیلئے اس خطہ میں گرانقدر خدمات سرانجام دیتے ہوئے قابل داد کردار ادا کیا۔مفتی پیر علامہ محمد عبداللہ قادری مردانوی کا شمار انہی بزرگان دین میں ہوتا ہے ہم ان بزرگان کی تعلیمات پر عمل کر کے امت مسلمہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے کردار ادا کر سکتے ہیں۔