قومی کرکٹرز کی میلبورن میں پریکٹس، سلیکٹر اسد شفیق کی ہیڈ کوچ،کھلاڑیوں سے مشاورت

لاہور(سپورٹس رپورٹر)نوجوان فاسٹ بائولر محمد حسنین کو آسٹریلیا کیخلاف پہلے ون ڈے میچ میں پلئینگ الیون میں کھلائے جانے کا امکان ہے۔سیریز کے آغاز سے قبل قومی کرکٹرز نے میلبورن میں سخت ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا، جہاں کھلاڑیوں نے جسمانی فٹنس اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔شاہین آفریدی، حارث رؤف اور عامر جمال سمیت اہم فاسٹ بائولرز نے سیشن میں بھرپور بائولنگ کی۔پاکستان کے سلیکٹر اسد شفیق نے میلبورن میں ٹریننگ سیشن میں شرکت کی اور بابراعظم اور دیگر کھلاڑیوں سے بات چیت کی جبکہ آئندہ سیریز کیلئے حکمت عملی طے کرنے کیلئے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور کپتان محمد رضوان سے بھی تفصیلی مشاورت کی۔آسٹریلیا کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی سکواڈ کے 6 کھلاڑیوںنے کراچی میں رپورٹ کردی۔ٹی 20 سکواڈ کے 6 ارکان 2 سے 6 نومبر تک کیمپ میں حصہ لیں گے، جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، سفیان مقیم اور عثمان خان کیمپ کا حصہ ہوں گے، کوچ سعید بن ناصر پانچ روزہ کیمپ کی نگرانی کریں گے۔میزبان آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز 14 سے 18 نومبر تک کھیلی جائے گی، کیمپ کے اختتام پر کھلاڑی گھروں کو روانہ ہوں گے اور آسٹریلیا کی فلائٹ 10 نومبر کو شیڈول ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن