لاہور(خصوصی نامہ نگار)علماء قرآن وحدیث کے مطابق قوم کو زندگی گزارنے کا طریقہ بتائیں۔ صحابہؓ و اہل بیتؓ کی زندگیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔جنہوں نے اللہ اور اسکے رسول کے احکامات پر عمل کیا اور پوری دنیا پر چھا گئے ۔ اسلام سے دوری کی وجہ سے ہم زوال کا شکار ہیں۔ یہ بات جماعت اہلحدیث کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے جامعہ القدس چوک دالگراں میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا علمائے کرام کو چاہیے قرآن وحدیث کی دعوت کو عام کرنے کی کوشش کریں تاکہ جہالت اور تعصبات کا خاتمہ ہو سکے۔ اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہی نجات اور خوشحالی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں ہم مسلسل زوال اور پسماندگی کا شکار کیوں ہیں اس لیے کہ ہم اور ہمارے حکمرانوں نے ہمیشہ جھوٹ اور دھوکہ دہی کا سہارا لے کر عیاشیاں کیں اور غریب آدمی کی زندگی کو دنیاوی جہنم میں دھکیل دیا اگر ہم نے خوشحالی اور ترقی کی طرف پلٹنا ہے تو اللہ تعالیٰ اور اس کے رسولؐکے بتائے ہوئے راستے پر چلنا ہوگا۔ اسی میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اور ہمارے حکمرانوں کو ہدایت دے تاکہ ہم عملی طور پر مسلمان بن کر اچھی زندگی گزار سکیں۔
صحابہؓ و اہل بیتؓ کی زندگیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں:عبد الغفار روپڑی
Nov 02, 2024