لاہور (لیڈی رپورٹر ) پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) کے زیر اہتمام ایک اہم پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک میں انجینئرنگ ایجوکیشن کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس تقریب میں نامور تعلیمی ماہرین اور وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور، ڈاکٹر شاہد منیر، بطور پینلسٹ شریک ہوئے۔ پینل ڈسکشن کی سربراہی چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر نے کی جبکہ وائس چیئرمین انجینئر پروفیسر ڈاکٹر سہیل آفتاب قریشی، ڈاکٹر حامد ستار، ڈاکٹر خرم پینل، ڈاکٹر تنویر قاسم ، ڈاکٹر علی ساجد اور انجینئرنگ شعبے کے ماہرین بھی شریک ہوئے۔ ڈسکشن کا مقصد انجینئرنگ ایجوکیشن میں تنزلی کے مسائل اور مستقبل میں ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔ انجینئر وسیم نذیر نے کہا’’ہم پاکستانی انجینئرز کی تخلیقی صلاحیتوں اور نئے آئیڈیاز کی سرپرستی کریں گے تاکہ ملکی ترقی میں ان کا کردار مزید بہتر ہو۔ ڈاکٹر شاہد منیر نے پاکستان کے سب سے قدیم انجینئرنگ ادارے کے سربراہ اور ایک ماہر کی حیثیت سے انجینئرنگ ایجوکیشن کی اہمیت پر زور دیا اور اس سے جڑے مسائل کے حل کیلئے پالیسیاں تشکیل دینے کی ضرورت پر بات چیت کی۔